
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کرپٹ قیادت ہی کرپشن کو قابل قبول بناتی ہے‘ اس لیے ہمیں کرپشن کو ناقابل قبول بنانا ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق عالمی شہرت یافتہ مسلم سکالرز کے درمیان قومی رحمت اللعالمین اتھارتی کے تحت منعقدہ ریاستِ مدینہ، اسلام، معاشرہ اور اخلاقی بیداری کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معاشرے کو کرپشن اور جنسی جرائم کا سامنا ہے ، موبائل فون کی وجہ سے ہمیں مسائل کا سامنا ہے کیونکہ موبائل فون سے معلوماتی مواد کے ساتھ فحش مواد بھی ملتے ہیں ، نوجوان نسل کی بہتر تعلیم و تربیت کیلئے ضروری ہے کہ انہیں اسلام کی تعلیمات سے متعلق مکمل آگاہی دی جائے ، دنیا کو آنے والی نسلوں کیلئے محفوظ بنانے کیلئے بھی موجودہ نسل کو کردار ادا کرنا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان سمیت مسلم ممالک کو ایک جیسے مسائل درپیش ہیں ، معاشرے میں جنسی جرائم میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے ، زیادتی کے واقعات خواتین علاوہ بچوں کے ساتھ بھی ہو رہے ہیں اور بہت سارے معاشروں کو اس صورت حال کا سامنا ہے ، زیادتی کے واقعات کے خلاف ہمیں لڑنا ہو گا۔ خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی مسلم دنیا کے نامور اور جید اسکالرز کے ساتھ خصوصی نشست ہوئی ، جس میں مسلم اُمّہ کے ماضی، حال اور مستقبل پر سوالات اور تبادلہ خیال کا سیشن ہوا ، وزیراعظم عمران خان کی مسلم دنیا کے نامور اور جید اسکالرز کے ساتھ خصوصی نشست پاکستان ٹیلی ویژن کے ذریعے عوام تک پہنچانے کا اعلان کیا گیا۔
Comments