
لاہور ( نیوز ڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں بینکنگ کورٹ نے 10 روز میں ہر صورت تفتیش مکمل کرنے کا حکم دے دیا ، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں بھی 14جنوری تک توسیع کردی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کی بینکنگ کورٹ میں صدر مسلم لیگ ن شہبازشریف کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی ، جہاں ریکارکس دیتے ہوئے جج طاہر صابر نے کہا کہ آپ کے ڈائریکٹر صاحب نے عدالت میں بیان دیا تھا کہ اتنا ریکارڈ ہے ٹرک بھرا جا سکتا ہے ، دن رات ایک کریں اس کے بعد ٹائم نہیں ملے گا ، بینکرز کی حد تک تفتیش مکمل ہوتی تو دائرہ اختیار کا معاملہ حل ہو جاتا ، 16 ماہ ہو گئے ہیں ابھی تک ایف آئی اے نے تفتیش مکمل نہیں کی ، اس محکمے کا کون والی وارث ہے میں کس کو طلب کروں؟ کیوں نہ ساری انوسٹی گیشن ٹیم کو شوکاز نوٹس جاری کر دوں۔
قبل ازیں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور خاندان کے خلاف 16 ارب منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے نے شہبازشریف، حمزہ اور سلیمان شہباز کے 45 اکاؤنٹس کی تفصیلات جمع کروا دیں ، ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ بےنامی اکاؤنٹس سے خاندان کے اکاؤنٹس میں 16 ارب 34 کروڑ روپے جمع ہوئے ، الزامات ثابت ہونے پر ملزمان کو 7 سال قید ، جرمانہ اور جائیداد ضبطی کی سزا ہو سکتی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ایف آئی اے حکام نے کہا کہ شہباز شریف،حمزہ شہباز اور سلیمان شہباز کو متعدد مواقع فراہم کیے گئے لیکن تمام ملزمان الزامات سے متعلق تفتیشی ٹیم کو مطمئن نہ کر سکے ، شہباز شریف کے خاندان کے 45 اکاؤنٹس میں منی لانڈرنگ کی رقوم جمع ہوئیں ، شہباز شریف کے نام پر 14 بینک اکاؤنٹس رجسٹرڈ ہیں ، شہباز شریف کے نام پر 2008ء سے 2018ء تک ایک برانچ میں 10 اکاؤنٹس کھولے گئے جب کہ حمزہ شہباز کے نام پر 13 بینک اکاؤنٹس کھولے گئے۔
Comments