
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) : وزیراعظم عمران خان کے 47 غیرملکی دوروں پر ہونے والے اخراجات کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اپوزیشن کے مطالبے پر وزیر اعظم عمران خان کے گذشتہ 3 سالوں کے دوران غیر ملکی دوروں کی تفصیلات پر مبنی رپورٹ ایوان بالا میں پیش کردی گئی۔ سینیٹ میں پیش کی جانے والی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سال 2018ء میں 3 غیر ملکی دورے کیے، ان غیر ملکی دوروں پر 4 کروڑ 56 لاکھ 15 ہزار سے زائد اخراجات آئے۔
وزیراعظم نے 2018ء میں متحدہ عرب امارات، چین اور ملائیشیا کا دورہ کیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق سال 2019ء میں وزیراعظم نے 16 غیر ملکی دورے کیے، ان غیر ملکی دوروں پر 11 کروڑ 69 لاکھ 11 ہزار سے اخراجات ہوئے۔ اس کے بعد وزیراعظم نے سال 2020ء میں 4 غیر ملکی دورے کیے اور ان دوروں پر 1 کروڑ 36 لاکھ 37 ہزار سے زائد کے اخراجات آئے۔
سینیٹ میں پیش کی گئیں تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سال 2021ء میں 5 غیر ملکی دورے کیے۔
وزیراعظم کے ان غیر ملکی دوروں پر 2 کروڑ 76 لاکھ 2 ہزار روپے سے زائد اخراجات آئے۔ رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نے حلف اٹھانے سے اب تک 47 غیر ملکی دورے کیے۔ غیر ملکی دوروں پر 20 کروڑ 37 لاکھ 67 ہزار سے زائد کل اخراجات آئے۔ خیال رہے کہ عمران خان نے اقتدار میں آنے سے قبل عوام کے ٹیکس کے پیسے کی حفاظت کرنے اور اخراجات میں کمی لانے کا وعدہ کیا تھا یہی وجہ ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے غیر ملکی دوروں پر آنے والے اخراجات سابق وزیراعظم نواز شریف کے غیر ملکی دوروں پر کیے جانے والے اخراجات سے سات گنا کم ہیں۔
اس حوالے سے ایک رپورٹ گذشتہ برس جون میں سامنے آئی جس کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اقتدار میں آنے کے بعد بھی جس کفایت شعاری پالیسی کو تشکیل دیا تھا انہوں نے اُس پر اقتدار کے پہلے تین سالوں میں سختی سے عمل کیا۔وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وزیراعظم ہاؤس اور وزیراعظم کی رہائش گاہ کے اخراجات کو 40 فیصد تک کم کیا۔
Comments