
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) : پاکستان میں شعبۂ ہوابازی کے لئے اچھی خبر آ گئی۔ تفصیلات کے مطابق ہوا بازی کی بین الاقوامی تنظیم 'اکاو' نے پاکستان سول ایوی ایشن پر عائد کی جانے والی تمام پابندیاں ختم کر دیں۔ پاکستان کی قومی ائیرلائن پی آئی اے سمیت تمام ملکی ایئر لائنز پر یورپ ، برطانیہ اور امریکہ کے لئے عائد پابندیاں ختم کر دی گئی ہیں۔
اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن پاکستان کو 'اکاو' کی جانب سے موصول ہوئے خط میں عائد تمام پابندیاں ختم کرنے کا بتایا گیا ہے۔ ا'اکاو' کی جانب سے موصول ہونے والے خط کے متن میں کہا گیا کہ ہوا بازی کی بین الاقوامی تنظیم کی جانب سے سول ایوی ایشن اتھارٹی پر پائلٹس کو لائسنس جاری کرنے کی پابندی بھی ہٹالی گئی ہے۔
اکاو نے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی پر اپنے تمام سیفٹی اعتراضات واپس لے لیے ہیں اور پاکستان کےاقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
اکاو کی جانب سے موصول ہونے والے خط کے تحت پاکستان کی قومی ائیرلائن پی آئی اے سمیت تمام پاکستانی ایئر لائنز پر یورپ ، برطانیہ اور امریکا کے لئے عائد پابندیاں ختم کردی گئی ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی خاقان مرتضیٰ کا کہنا ہے کہ سی اے اے کی کامیابی پاکستان کے لئے تاریخی سنگ میل ہے۔ ڈپٹی ڈی جی سی اے نادر شفیع نے کہا کہ اس کامیابی کے پیچھے تمام ریگولیٹری ٹیم کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔ واضح رہے کہ عالمی ہوابازی کی تنظیم اکاو نے دسمبر میں پاکستان سول ایوی ایشن کا مکمل آڈٹ کیا تھا اور آڈٹ کے دوران اکاو نے سی اے اے کو 72 اعشاریہ 77 فیصد رینکنگ دی تھی اور اطمینان کا اظہار کیا تھا۔
Comments