
راولپنڈی(نیوز ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دہشتگردوں اور سہولتکاروں کا خاتمہ یقینی بنائیں گے ملک دشمنوں کے تمام عزائم ناکام بنائیں گے، دہشتگردوں کو دوبارہ منظم نہیں ہونے دیں گے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت 247 ویں کورکمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی، کانفرنس میں ملک کو درپیش اندرونی و بیرونی چیلنجز کا جائزہ لیا گیا، کانفرنس میں ملک کی سیکیورٹی صورتحال اور بلوچستان میں حالیہ وقعات کے بعد کی تازہ ترین صورتحال کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
کانفرنس میں ملک دشمن عناصر کی سرگرمیوں کو روکنے پر گفتگو کی گئی، کانفرنس میں شرکاء کو دہشتگردی کیخلاف اقدامات اٹھانے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
شرکاء نے کانفرنس میں بلوچستان میں شہید ہونے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا، شہداء نے دہشتگردوں کا مقابلہ کرکے ملکی دفاع کو یقینی بنایا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ ملک دشمنوں کے تمام عزائم ناکام بنائیں گے، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ایک طویل سفر طے کیا ہے،مسلح افواج نے دہشتگردی کیخلاف کامیاب آپریشن کیے۔
آرمی چیف نے کہا کہ دہشتگردوں کو دوبارہ منظم نہیں ہونے دیں گے، دہشتگردوں کی باقیات کا خاتمہ کردیں گے، دہشتگردوں اور ان کے سہولتکاروں کے خاتمے کو یقینی بنائیں گے۔
Comments