
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) : وزیراعظم عمران خان کے حکم پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 12 روپے کا اضافہ ہوا تو سوشل میڈیا صارفین نے میمز کی صورت شدید احتجاج شروع کردیا۔ پاکستان میں پیٹرول کی قیمتیں ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ڈیڑھ روپے سے زائد بڑھائی گئی ہیں جس کے باعث غریب عوام پر مہنگائی کا دباؤ مزید بڑھ گیا ہے، پیٹرول کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ ہونے پر سوشل میڈیا صارفین بھی حکومت پر پھٹ پڑے۔
انٹرنیٹ پر میمز کی بھرمار ہوگئی، ایک صارف نے گاڑی کی تصویر شیئر کی جس کے آگے انجن نہیں بلکہ گھوڑا بندھا ہوا تھا ، سوشل میڈیا پر کچھ ویڈیو کلپس بھی وائرل ہوئے جن میں شہریوں سے ‘اللہ کے نام پر پیٹرول دے دو بھائی’ کی دہائیاں دینے والے شخص کی موٹر سائیکل کی نمبر پلیٹ تحریک انصاف کے جھنڈے کے رنگ تھی جب کہ نمبر پلیٹ پر پی ٹی آئی بھی لکھا ہوا تھا۔
واضح رہے کہ حکومت نے وزارت خزانہ کی سمری منظور کرتے ہوئے پیٹرول کو 12 روپے سے زائد مہنگا کرنے کا اعلان کر دیا۔ حکومتی فیصلے کے تحت فی لیٹر پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے 03 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 9 روپے 53 پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 10 روپے 8 پیسے، لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 9 روپے 43 پیسے اضافہ کر دیا گیا۔ یوں فی لیٹر پٹرول کی نئی قیمت 159 روپے 86 پیسے، لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 123 روپے 97پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 154 روپے 15 پیسے، مٹی کے تیل کی نئی قیمت 126 روپے 56پیسے مقرر کر دی گئی۔
دوسری جانب جماعت اسلامی نے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے سراج الحق نے کہا کہ جمعرات اور جمعہ کو ہر شہر میں حکومت کے ایک اور ظالمانہ اقدام کے خلاف احتجاج ہوگا، پی ٹی آئی حکومت نے غریب عوام پر ظلم کی تمام حدیں عبور کردیں، پٹرول کی قیمت میں بارہ روپے لٹر اضافہ کو مسترد کرتے ہیں۔پیٹرول کی قیمت میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے اسے حکومت کا ظالمانہ اقدام قرار دے دیا۔
Comments