
لاہور ( نیوز ڈیسک) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے پوش علاقے میں گھر سے 51 کلو چرس پکڑی گئی ، ڈیفنس گارڈن میں واقع گھر پر چھاپہ خفیہ اطلاع پر مارا گیا ‘ گھر منشیات ذخیرہ کرنے کیلئے استعمال کیا جارہا تھا ‘ نیٹ ورک سے تعلق رکھنے والی خاتون کو گرفتار کرلیا گیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ انٹیلی جنس معلومات پر اے این ایف لاہور نے ڈیفنس گارڈن میں واقع ایک گھر میں بڑی کارروائی کی ، جس کے نتیجے میں 51 کلو چرس برآمد ہوئی ، کارروائی کے وقت گھر پر موجود رخسانہ بی بی نامی ملزمہ کو گرفتار کیا گیا جب کہ ملزمہ کے خاوند لیاقت علی کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق لاہور میں ڈیفنس گارڈن کے مزکورہ گھر پر خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر چھاپہ مارا گیا کیوں کہ اس گھر میں منشیات کی موجودگی سے متعلق مستند معلومات ملی تھیں ، جن سے معلوم ہوا کہ گھر کے اندر منشیات ذخیرہ کی جاتی ہے ، اس مکروہ دھندے میں ایک پورا گروہ ملوث ہے ، اس نیٹ ورک سے تعلق رکھنے والی خاتون کو گرفتار کرلیا گیا اور مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائی کی جائے گی ۔
دوسری طرف صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ایمبولینس کے ذریعے منشیات کی اسمگلنگ کا انکشاف سامنے آگیا ، پولیس نے بلوچستان سے کراچی آنے والی ایمبولینس میں 25 کلو چرس کی اسمگلنگ ناکام بناکرڈرائیور کو گرفتارکرلیا ، اس حوالے سے شہر قائد میں موچکو پولیس نے حب ریور روڈ لکی چورنگی کے قریب کامیاب کارروائی کرتے ہوئے صوبہ بلوچستان سے ایمبولینس کے ذریعے کراچی منشیات اسمگلنگ کی کوشش اس وقت بنائی جب خفیہ اطلاع پر ایک ایمبولینس کو روکا گیا اور اس کی تلاشی کے دوران ایمبولنس کی پچھلی سیٹوں کے ساتھ اسٹریچر کے نیچے خفیہ خانوں سے 25 کلو چرس کے 20 پیکٹ برآمد ہوئے۔
بتایا گیا کہ ہائی ایس ایمبولنس بلوچستان کے علاقہ اوتھل سے کراچی آئی تھی اور منشیات اس ایمبولینس کے خفیہ خانے میں چھپائی گئی تھی ، پولیس نے ملزم ڈرائیور سلیم ولد محمد امین کو گرفتارکرکے اس کے خلاف نارکوٹکس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا ، ملزم سے اس حوالے سے مزید تفتیشبھی کی جاری ہے جب کہ ایس ایس پی نے پولیس پارٹی کی کارگردگی پرانعام کا اعلان کردیا۔
Comments