
لاہور(نیوز ڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی نے تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کیلئے کوششیں تیز کردی ہیں، سابق صدرآصف زرداری24 فروری کو منصورہ میں سراج الحق سے ملاقات کرینگے، ملاقات میں جماعت اسلامی سے تحریک عدم اعتماد کیلئے تعاون مانگا جائےگا۔ ہم نیوز کے مطابق اعلامیہ جماعت اسلامی میں کہا گیا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری 24 فروری کو امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے ملاقات کرینگے، آصف زرداری سراج الحق سےتحریک عدم اعتماد کیلئے تعاون مانگیں گے، دونوں رہنماؤں میں 24 فروری کو تین بجے منصورہ میں ملاقات ہوگی۔
مزید برآں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لواری ہاؤس پشاور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کارکن ہماری طاقت اور ہمارا حوصلہ ہیں، پیپلزپارٹی نے حکومت کیخلاف اعلان جنگ کیا ہے، تبدیلی کا وعدہ کرنے والی حکومت نے 3 سالوں میں ملک کو تباہ کردیا، اس شخص کے خلاف احتجاج کریں گے جس نے 50 لاکھ گھر دینے کا وعدہ کیا تھا، نالائق حکومت کے خلاف مارچ کرنے جارہے ہیں، حکومت نے تعلیم کے مواقع فراہم کئے اور نہ ہی روزگار کے، ملک بھر میں کرپشن میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، یوٹرن پر یوٹرن لیا گیا، حکومت کا ہر ایک وعدہ جھوٹا اور دھوکہ نکلا، ہمارا احتجاج اس حکومت کے خلاف ہے جس نے تبدیلی کے نام پر تباہی کی ہے، نوکریوں کا وعدہ کرکے نوکریاں چھینی ہے اور گھروں کا وعدہ کرکے انکروچمنٹ کے نام پر غریب کے سر سے چھت چھینی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی وہ جماعت نہیں جو عدلیہ یہ کسی اور ادارے کو بولے کہ اس حکومت کو نکالیں، نہ ہی ہم وہ جماعت ہیں جو پارلیمان اور پی ٹی وی پر حملہ کرسکیں ، پاکستان پیپلز پارٹی ایک جمہوری جماعت ہے جو اس غیر جمہوری حکومت کو جمہوری طریقے سے گھر بھیجے گی۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کا ہر طبقہ، ملک کا ہر صوبہ، اس نااہل عمران خان کی وجہ سے مشکلات میں ہے۔ اس لیے ہم اب ملک کے ہر صوبے اور طبقہ کیلئے نکلیں گے اور اسلام آباد جاکر ان کے مطالبات سب کے سامنے رکھیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم نے حکومت وقت اور ان کے سہولت کاروں کا مقابلہ کرنا ہے اور میری طاقت صرف عوام ہے، اگر ہم ملکر محنت کریں گے تو انشاءﷲ ہمیں کوئی نہیں روک سکتا۔
Comments