
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) : وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کے نام پر خرید و فروخت جاری ہے، نواز شریف نے خرید و فروخت کی ذمہ داری آصف زرداری کو دی، خرید و فروخت کا بازار سجانے والے سن لیں عمران خان ترپ کا پتا کھیلے گا۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو 5 سال پورے کرتا دیکھ رہا ہوں، یہ راتیں، یہ ملاقاتیں، یہ باتیں اور کھانے سب ڈرامہ ہے، تحریک عدم اعتماد ہوگی یا نہیں کچھ پتہ نہیں، سیاست میں خرید و فروخت کا بازار شروع ہوا تو جھاڑو پھر جائے گا، اپوزیشن اپنی سیاسی قبر کھودنے جا رہی ہے، امید ہے کہ اتحادی عمران خان کے ساتھ کھڑے ہوں گے، بکاؤ مال کسی کو شکل دکھانے کے قابل نہیں ہوں گے، ضمیر فروش کی پاکستان میں کوئی عزت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا دورہ روس انتہائی کامیاب رہا جبکہ بھارت کو وزیر اعظم کا دورہ روس ایک آنکھ نہیں بھاتا۔عدم اعتماد کی ناکامی کے بعد عمران خان ان کے لیے اور زیادہ چیلنج ثابت ہو گا۔ آپ ہر اس گھر میں خیرات مانگنے جا رہے ہیں جو آپ کے دل میں کھٹکتا ہے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ادارے منتخب حکومت کیساتھ کھڑے ہیں، آصف زرداری اور نواز شریف چلے ہوئے کارتوس ہیں، ، عمران خان ایسا ڈرون مارے گا یہ سیاسی طور پر نیست و نابود ہوجائیں گے، جو عمران خان کو چھوڑے گا وہ سیاسی نااہل اور بیوقوف ہوگا، ایک سال بعدالیکشن ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد میں کوئی جان نہیں ہے اور یہ عدم اعتماد نہیں بلکہ اپنی سیاسی قبر کھودنے جا رہے ہیں۔ پاکستان میں ایک جمہوری اور مضبوط حکومت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آصف زرداری اور نواز شریف چلے ہوئے کارتوس ہیں جبکہ ادارے غیر جانبدار اور جمہوری حکومت کے ساتھ ہیں۔
Comments