
کراچی (نیوز ڈیسک) : پولیس کی جانب سے مختلف علاقوں میں پی ٹی آئی کے جھنڈے اتار دیے گئے، شارع فیصل اسٹار گیٹ اور بلوچ کالونی سے پارٹی جھنڈے ہٹا دیے گئے۔ اس حوالے سے نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے لائی گئی کرین بھی پولیس لے گئی، ارکان سندھ اسمبلی راجہ اظہر، عدیل احمد اور دیگراسٹار گیٹ پر پہنچ گئے۔
اس موقع پرپاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او سے رابطہ کیا گیا، راجہ اظہر نے کہا کہ کرین اور دیگر سامان واپس نہ کیا گیا توبھرپور احتجاج کریں گے۔ دوسری جانب وفاقی وزیرعلی زیدی کا کہنا ہے کہ کہ کراچی میں پی ٹی آئی کارکنان کو پارٹی جھنڈے لگانے سے روکا جارہا ہے، زرداری مافیا پی ٹی آئی کے سندھ حقوق مارچ سے خوفزدہ ہے۔
علی زیدی کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کو پی ٹی آئی کے خلاف استعمال کیا جارہا ہے، پولیس کی جانب سے کارکنان، عہدیداران کو ہراساں کیا جارہا ہے۔ وفاقی وزیر علی زیدی نے مزید کہا کہ اندرون سندھ میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کی زمینوں پر قبضے ہورہے ہیں، انتظامیہ اس قسم کے ہتھکنڈے استعمال کرنے سے باز رہے۔ یاد رہے کہ رواں ماہ پاکستان تحریک انصاف سندھ میں تنظیمی اختلافات کھل کر سامنے آ گئے تھے، پی ٹی آئی سندھ کابینہ کی تشکیل کے اعلان کے ساتھ ہی استعفوں کی لائن بھی لگ گئی۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی صوبائی کابینہ اور ضلعی عہدیداران کا نوٹفیکیشن جاری ہوتے ہی متعدد پی ٹی آئی عہدے دار اپنے عہدوں سے مستعفی ہو گئے۔ اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ سینئرنائب صدر کے عہدے سے مستعفی ہوئے، علی جونیجو نائب صدر، سینئر نائب صدر سیّد طاہر شاہ بھی عہدے سے مستعفی ہو گئے تھے۔
Comments