
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح15.90فیصد کی سطح پرآگئی، ایک ہفتے میں سبزی، گوشت، دودھ، آٹے سمیت20 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 11 اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور20 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ادارہ شماریات نے ہفتہ وارمہنگائی کی رپورٹ جاری کر دی ہے، ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح 15.90فیصد کی سطح پر آگئی ہے، ایک ہفتے کے دوران 20 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ اور 20 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام ریکارڈ کیا گیا، رواں ہفتے برائلر مرغی کی فی کلو قیمت میں 31 روپے 97 پیسے کا اضافہ ہوا۔
ایک ہفتے کے دوران ٹماٹروں کی فی کلو قیمت میں 4 روپے 83 پیسے اضافہ ہوا۔ رواں ہفتے گھی نے ڈھائی کلو کا ڈبہ 5 روپے 38 پیسے، حالیہ ہفتے میں 20 کلو آٹے کا تھیلا ایک روپے 21 پیسے، مٹن، تازہ دوددھ، دہی باسمتی ٹوٹہ چاول بھی مہنگے ہوئے، مسٹرڈ آئل کی فی کلو قیمت11 روپے 92 بڑھ گئی۔
ایک ہفتے کے دوران 11 اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی،انڈوں کی فی درجن قیمت میں 3 روپے 98 پیسے کی کمی ہوئی، پیاز، آلو، گڑ، دال ماش اور دال مسور کی قیمتوں میں بھی معمولی کمی ہوئی، لہسن کی فی کلو قیمت میں21 روپے 52 پیسے کمی ہوئی۔
ایک ہفتے کے دوران بریڈ، بچوں کے دودھ سمیت 20 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔دوسری جانب ترجمان وزیر خزانہ مزمل اسلم کا کہنا ہے کہ گیس کی صورت حال میں بہتری آئی ہے اور اب میرے گھر پر سوئی گیس معمول کے مطابق آرہی ہے۔ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں 166 فیصد اضافہ ہوا ہے، عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت 15، 20 ڈالر نہ بڑھی تو پیٹرول کی قیمت میں اضافہ نہیں ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم ماضی کے مقابلے میں پیٹرول پر کم ٹیکس لے رہے ہیں، تمام ٹیکسز لگ جاتے تو پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 200 روپے سے زائد ہوتی۔ کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتیں کنٹرول میں ہیں، دیکھ رہے ہیں کہ کس طرح کم سے کم بوجھ عوام پر منتقل ہو۔ ترجمان وزیر خزانہ نے کہا کہ گیس کی سپلائی کافی بہتر ہو چکی ہے، میرے گھر پر سوئی گیس معمول کے مطابق آرہی ہے۔
Comments