
لاہور (نیوز ڈیسک) پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے لیگی رہنما میاں جاوید لطیف کا کہنا ہے کہ میں خوشی مناوں یا دکھ کا اظہار کروں، کہ آنے والے دنوں میں میرے ملک کا کیا حال ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی میاں جاوید لطیف نے نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کے قوم سے خطاب پر ردعمل دیا۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ مجھے بتائیں کہ یہ جو پٹرول 10 روپے اور بجلی 5 روپے سستی کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، اس پر میں خوشی مناوں یا دکھ کا اظہار کروں، کہ آنے والے دنوں میں میرے ملک کا کیا حشر ہو گا، اس فیصلے کا مطلب ہے کہ آئی ایم ایف جانے اور آنے والی حکومت جانے۔
جبکہ میاں جاوید لطیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ جب ہم قیمتیں بڑھاتے ہیں تو یہ کہتے ہیں آئی ایم ایف کے کہنے پر سب کیا جا رہا ہے، اب ہم نے قیمتیں کم کر دی ہیں تو یہ اس پر بھی خوش نہیں ہیں۔
اس سے قبل ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے وزراعظم عمران خان کے خطاب پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ پٹرول اور بجلی کی قیمت میں کمی کا اعلان عمران صاحب کا نوکری بچانے کی ناکام کوشش ہے، تین سال میں15 روپیہ بجلی بڑھائی اور آج نوکری بچانے کے لئے5 روپیہ سستی کر دی، تین سال میں پٹرول 70 روپیہ بڑھا کر نوکری بچانے کے کئے 10 روپیہ سستا کر دیا ہے ، یہ کمی عوام کے درد اور مسائل کے احساس کی وجہ سے نہیں بلکہ تحریک عدم اعتماد کے بڑھتے خوف کی وجہ سے ہے، جب عوام چلا رہے تھے، بلبلا رہے تھے، مسلم لیگ (ن) پٹرول میں کمی کی دہائی دے رہی تھی، اس وقت بجلی اور پٹرول کی قیمت کم کیوں نہ کی؟ دوسری جانب وفاقی وزارت خزانہ نے یکم مارچ سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔
وزارت خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 10 روپے کمی کی گئی ہے جس کے بعد فی لیٹر قیمت 149 روپے 86 پیسے ہو گئی۔ جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 10 روپے کمی کی گئی، جس سے فی لیٹر قیمت 154 روپے 15 پیسے ہو گئی۔ مٹی کا تیل 1 روپے کمی سے 125 روپے 56 پیسے جبکہ لائٹ اسپیڈ ڈیزل 5 روپے 66 پیسے کمی سے 118 روپے 31 پیسے مقرر کر دی گئی۔ واضح رہے کہ پیر کے روز وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے قوم سے اہم خطاب کیا گیا۔
قومی میڈیا پر نشر ہونے والے خطاب میں وزیر اعظم نے قوم کیلئے خصوصی پیکج کا اعلان کیا۔ وزیر اعظم نے اعلان کیا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے، بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 5 روپے کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اگلے بجٹ تک پٹرولیم مصنوعات اوربجلی کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہوگا۔
Comments