
کراچی(نیوز ڈیسک) رمضان المبارک کی آمد سے قبل اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ شروع، مرغی کا گوشت 500 روپے فی کلو سے بھی تجاوزکرگیا ،یوٹیلیٹی اسٹورز پر گھی وآئل سمیت بیشتر اشیاء مہنگی ہو گئیں۔ تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک سے قبل ہی یوٹیلیٹی اسٹورز پر گھی، آئل، دالوں اور بیسن سمیت بیشتر اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔
یوٹیلیٹی اسٹورز میں برانڈڈ گھی و آئل 15 روپے اضافے سے 417 روپے فی کلو کا ہو گیا ہے۔ دال چنا کی قیمت 17 روپے اضافے سے 162 روپے فی کلو ہوگئی ہے۔سفید چنے 41 روپے اضافے سے 213 روپے فی کلو اور کالے چنے 17 روپے اضافے سے 172 روپے فی کلو کے ہو گئے ہیں۔دال ماش 22 روپے اضافے سے 282 روپے فی کلو، دال مسور 85 روپے اضافے سے 215 روپے فی کلو کی ہوگئی ہے جبکہ بیسن 30 روپے اضافے سے 190 روپے فی کلو کا ہوگیا ہے۔
باسمتی چاول 140 روپے سے بڑھ کر 155 روپے فی کلو کے ہو گئے ہیں۔چینی 85 روپے فی کلو میں دستیاب ہے اور 20 کلو آٹے کا تھیلا 950 روپے میں مل رہا ہے۔ دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں اشیا کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا، کراچی میں مرغی کا گوشت 500 روپے فی کلو سے بھی تجاوزکرگیا جبکہ زندہ مرغی 300 سے 310 روپے کلو فروخت کی جارہی ہے۔بکرے کے گوشت کا سرکاری نرخ 1220 روپے کے بجائے 1500 کلو بیچا جا رہا ہے۔ جبکہ بیسن کی قیمت 220 روپے فی کلو تک پہنچ گئی۔ دالیں بھی بیس روپے تک زائد نرخوں پر بکنے لگیں۔ آلو ، پیاز، ٹماٹر، ہری مرچ ، دھنیا ، پودینا سمیت سبزیاں اور پھل بھی مہنگے ہو گئے۔ دودھ، دہی کی قیمت میں بھی فی کلو 10 روپے تک اضافہ ہو گیا۔ آٹے کا 10 کلو کا تھیلا 800 روپے میں دستیاب ہے۔
Comments