
راولپنڈی (نیوز ڈیسک) پاک فوج کا دہشت گردوں اور ان کے سہولتکاروں کے خلاف ملک بھر میں آپریشن ردالفساد کامیابی سے جاری ہے، سکیورٹی فورسز نے ٹانک میں ملٹری کمپاؤنڈ پر دہشتگردوں کے حملے کی کوشش ناکام بنا دی، فورسز نے جوابی فائرنگ میں 3 دہشتگرد ہلاک کردیے، دہتشگرد حملے میں6 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں دہشتگردوں نے مذموم عزائم کے ساتھ ملٹری کمپاؤنڈ میں داخلے کی کوشش کی۔
جس پر سکیورٹی فورسز نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کے حملے کی کوشش ناکام بنا دی۔ سیکیورٹی فورسز کی فوری جوابی کارروائی میں 3 دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا گیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 6 جوان شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شہداء میں صوبیدار میجر شیر محمد، نائب صوبیدار زبید، حوالدار سہیل، لانس نائیک غلام علی، سپاہی مسکین علی اور سپاہی میرمحمد شامل ہیں۔
ترجمان پاک فوج میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے، جوانوں کی قربانیاں ہمارے حوصلے کو مزید تقویت پہنچاتی ہیں۔ مزید برآں گزشتہ روز بھی سکیورٹی فورسز نے لکی مروت میں آپریشن کے دوران 4 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا تھا، جبکہ ایک دہشتگرد کو زندہ پکڑ لیا گیا تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج اور پولیس لکی مروت میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، سکیورٹی فورسز نے آپریشن دہشتگردوں کی مبینہ موجودگی پر کیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ دہشتگردوں سے بڑی مقدار می ہتھیار اور گولیاں برآمد کی گئی ہیں۔ ہلاک دہشتگرد اغواء کی وارداتوں اور شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔
Comments