
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اسمبلیاں تحلیل کرنے کے فیصلوں کو ریاستی اداروں کی تائید حاصل ہے۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غیر ملکی مداخلت پر پاکستان کی سالمیت کا سوال پید اہو جائے تو سب متحد ہیں ، نئے انتخابات کے لیے آصف زرداری کے علاوہ سب تیار ہیں اور میری معلومات کے مطابق ریاستی ادارے بھی انتخابات چاہتے ہیں ، وزیر اعظم نے سیاسی کمیٹی کا اجلاس بلا لیا ہے اور لڑائی گلی محلے تک پہنچ چکی ہے ، پنجاب اور خیبر پختون خوا کی اسمبلیاں بھی پیر کو توڑ دینی چاہئیں۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ میں تو ایمرجنسی کی خواہش رکھتا تھا میری بات نہیں مانی گئی، یہ زبردست کام ہوا ہے، عمران خان کو اتنے ووٹ ملیں گے کہ لوٹے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
اس کے علاوہ کوئی حل نہیں تھا ہمارے محلوں میں لڑائی شروع ہوگئی تھی، لوگ عمران خان کے ساتھ ایک دم نکل آئے تھے، پنجاب اور کے پی اسمبلیاں بھی پیر کو توڑ دینی چاہیئں۔
انہوں نے کہا آصف زرداری نے 3 دن سے پھڈا ڈالا ہوا تھا، ورنہ 4 دن پہلے اسمبلی ٹوٹ جاتی، صرف آصف زداری نے اسٹینڈ لیا ہوا تھا باقی دو جماعتیں ری الیکشن کے لیے تیار تھیں، آصف زرداری نئے الیکشن میں رکاوٹ تھے ، 4 دن پہلے سے طے تھا ملک الیکشن کی طرف جا سکتا ہے، آخر کار کل فیصلہ ہوا اور عمران خان نے سیاسی کمیٹی ممبران سے حلف لیا ۔ ادھر پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان نے ملک کو انتشار کی طرف دھکیل دیا ، یہ کسی غداری سے کم نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ نیازی اور اس کے ساتھیوں کو اسکوٹ فری نہیں جانے دیا جائے گا ، آئین کی صریح اور ڈھٹائی سے خلاف ورزی کے نتائج برآمد ہوں گے ، امید ہے سپریم کورٹ آئین کو برقرار رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی کیوں کہ یہ کسی بڑی غداری سے کم نہیں ہے ، عمران خان نے ملک کو انتشار کی طرف دھکیل دیا ہے۔
Comments