
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) نئے وزیراعظم کے انتخاب کیلئے شہباز شریف اور شاہ محمود قریشی کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی نے پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے اٹھائے گئے اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے ہیں اور ساتھ ہی پی ٹی آئی کی جانب سے وزارت عظمیٰ کے امیدوار شاہ محمود قریشی کے کاغذات نامزدگی بھی منظور کرلیے گئے ہیں جن پر اپوزیشن کی طرف سے کوئی اعتراض دائر نہیں کیا گیا تھا۔
قبل ازیں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں وزارت عظمیٰ کے امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال کے دوران پاکستان تحریک انصاف نے متحدہ اپوزیشن کے امیدوار شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات اٹھائے تھے ، پی ٹی آئی کے وکیل بابر اعوان نے شہباز شریف کےکاغذات نامزدگی پر آئینی اعتراضات اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ شہباز شریف پر مقدمات درج ہیں، آرٹیکل 233 کاغذات نامزدگی کو منظور کرنے یا مسترد کرنے کا 3 جگہ پر اختیار دیتا ہے ، شہباز شریف کےکاغذات نامزدگی مسترد کیے جائیں کیوں کہ شہباز شریف کے خلاف مالی کرپشن کے چارجز ہیں، دنیا کا پہلا وزیراعظم ہوگا جو 10 مہینے سے ضمانت پر ہے۔
خیال رہے کہ وزارت عظمیٰ کے لیے اپوزیشن کی طرف سے شہباز شریف اور پی ٹی آئی کی جانب سے شاہ محمود قریشی نے کاغذات جمع کرائے ، شہباز شریف کے تجویز کنندہ خواجہ آصف اور تائید کنندہ رانا تنویر ہیں جب کہ شاہ محمود قریشی کی طرف سے تجویز کنندہ عامر ڈوگر اور تائید کنندہ ملیکہ بخاری ہیں۔ ادھر قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے عہدیدار نے بتایا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے استعفیٰ نہیں دیا اور اسپیکر اسد قیصر کے مستعفی ہونے کے بعد قاسم سوری قائم مقام اسپیکر بن گئے ہیں اور وہ کل قومی اسمبلی کے اجلاس کی صدارت بطور قائم مقام اسپیکر کریں گے۔
بتاتے چلیں کہ عمران خان اب پاکستان کے وزیراعظم نہیں رہے کیوں کہ ان کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد اکثریتی ووٹوں سے کامیاب ہوگئی، تحریک عدم اعتماد کے حق میں بغیر پی ٹی آئی کے منحرف ارکان 174 ووٹ پڑے ہیں ، نئے قائد ایوان کا انتخاب پیر11 اپریل کو ہوگا ۔
Comments