
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) قومی اسمبلی اجلاس کا شیڈول تبدیل ہونے کی وجہ سے نئے اسپیکر کا انتخاب التوا کا شکار ہوگیا کیوں کہ قائم مقام اسپیکر قاسم سوری نے اجلاس 16 اپریل سے تبدیل کرکے 22 اپریل تک ملتوی کردیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی اسمبلی کے اسپیکر کے انتخاب میں تاخیر کے لیے قواعد کے تحت اپنے خصوصی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے قائم مقام اسپیکر قاسم سوری نے ایوان زیریں کا اجلاس 16 اپریل سے تبدیل کرکے 22 اپریل تک ملتوی کردیا ہے۔
اس حوالے سے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ سے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس جو 16 اپریل کو شام 4 بجے ہونا تھا اب 22 اپریل کو سہ پہر 3 بجے ہوگا ، شیڈول میں تبدیلی قومی اسمبلی کے قواعد 2007 کے تحت کی گئی ہے۔
اس سے پہلے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی طرف سے اسپیکر کے انتخاب کےلیے جاری کردہ شیڈول میں کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے لیے 15 اپریل کی دوپہر 12 بجے تک کا وقت مقرر کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ اس وقت کے وزیر اعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ سے قبل قومی اسمبلی کے اسپیکر اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئےتھے ، اسپیکر اسد قیصر نے عمران خان سے ملاقات کے بعد پارلیمنٹ پہنچ کر استعفیٰ دے دیا ، اسد قیصر نے اسپیکر کی نشست پر براجمان ہونے کے بعد اراکین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حلف اٹھایا ہوا ہے، آئین کا پابند ہوں، میرے پاس خط موجود ہے چیف جسٹس کو بھیجوں گا، اراکین اسمبلی بھی یہ خط اسپیکر چیمبر میں آ کر دیکھ سکتے ہیں ، اسد قیصر نے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے اسمبلی سیشن چلانے کی ذمے داری ایاز صادق کو سونپ دی۔
جب کہ ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے استعفیٰ نہیں دیا وہ قومی اسمبلی کے قائم مقام اسپیکر بن گئے ، قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے عہدیدار نے بتایا کہ ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے استعفیٰ نہیں دیا اور اسپیکر اسد قیصر کے مستعفی ہونے کے بعد قاسم سوری قائم مقام اسپیکر بن گئے ہیں اور وہ قومی اسمبلی کے اجلاس کی صدارت بطور قائم مقام اسپیکر کریں گے۔
Comments