
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان کے دور میں معیشت کے تقریباً تمام شعبے ، جمود کا شکار رہے ، پشاور موڑ سے ایئرپورٹ تک میٹرو بس منصوبہ 5 سال بعد بھی نامکمل ہے ۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹؤئٹر پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے دور میں تقریبا تمام شعبے ہی جمود کا شکار رہے جس میں پشاور موڑ سے ائیرپورٹ تک میٹرو بس منصوبہ بھی شامل ہے جو کہ 5 سال بعد بھی نامکمل ہے ، میٹرو بس منصوبے میں تاخیر کی تحقیقات کے ساتھ بقیہ کام کی جلد تکمیل کا حکم دے دیا ہے۔
شہباز شریف نے اپنے مزید کہا کہ دارالحکومت کے دیگرعلاقوں کیلئے منصوبے کی فزیبلٹی رپورٹ طلب کرلی ہے ، ماس ٹرانزٹ سسٹم شہریوں کو باوقار سروس فراہم کرنے کا راستہ ہے ، بدقسمتی سےعوامی بہبود کے منصوبے میں تاخیر سے اس کی لاگت میں اضافہ ہوا۔
خیال رہے کہ وزیراعظم شہبازشریف نے آج صبح سویرے پشاور موڑ تا نیو اسلام آباد ایئرپورٹ میٹرو منصوبے کا جائزہ لینے کے لیے دورہ کیا ، اس دوران پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال، مریم اورنگزیب، مفتاح اسماعیل بھی ان کے ہمراہ تھے ، اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے چار سال سے التوا کے شکار منصوبے کا جائزہ لیا ، سی ڈی اے کے چیئرمین عامر احمد علی کی جانب سے وزیراعظم کو منصوبے سے متعلق بریفنگ دی گئی ، جس میں بتایا گیا کہ ابتدائی طور پر اسلام آباد میٹرو کے لیے 15 بسیں مہیا کی جا رہی ہیں۔
شہباز شریف نے منصوبہ میں تاخیر پر حکام پر اظہار برہمی کیا اور کہا کہ عوامی مفاد کا منصوبہ تاخیر کا شکار نہیں ہونا چاہیے تھا ، التوا کا کوئی جواز نہیں بنتا ، جہاں تک میٹرو مکمل ہے وہاں سے ایئرپورٹ تک شٹل سروس چلا کے اس کو فعال کر سکتے ہیں کیا مشکل ہے؟ انہوں نے منصوبے کے التوا کی وجوہات کا پتا لگانے کے لیے حکم دیا کہ میٹرو منصوبے کے التوا کی تحقیقات ہونی چاہییں اور ایک کمیٹی بنائی جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ منصوبے پر اب تک 16 ارب روپے کے قریب خرچ ہوچکے ہیں، عوام کا خیال کریں، منصوبے کی جلد تکمیل ضروری ہے ، موٹر وے پر اسلام آباد میٹرو کا ایک اسٹیشن ہونا چاہیے، میٹرو بسوں میں سامان رکھنے کا انتظام بھی ہونا چاہیے ، یہ قوم کا پیسہ ہے، عوام کا خیال کریں نہ خود سووں گا اور نہ سونے دوں گا۔
Comments