
اسلام آباد( نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف آج صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف آج دوپہر 2 بجے ایوان صدر میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے تفصیلی ملاقات کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں چاروں صوبوں کے گورنرز کی تعیناتی کے علاوہ وزیراعظم شہبازشریف گورنر پنجاب کو ہٹانے کے لئے بھجوائی گئی سمری پے بھی بات کریں گے۔
اس سے علاوہ امور مملکت چلانے کیلئے باہمی تعاون کے طریقہ کار پر بھی بات ہوگی۔
یاد رہے کہ جب شہبازشریف وزیراعظم پاکستان منتخب ہوئےتھے تو صدر مملکت نے ان سے حلف نہیں لیا تھا بلکہ ڈاکٹر عارف علوی بیماری کے باعث رخصت پر چلے گئے تھے۔ اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے استعفے کا مطالبہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر اپنی آئینی اور ریاستی ذمہ داری ادا نہیں کرسکتے تو استعفی دیں اور گھر جائیں، عوام کے ٹیکس پر پلنے کی ضرورت نہیں ہے۔انہوں نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ اگر اپنی آئینی اور ریاستی ذمہ داری ادا کرنے کی جرات نہیں تو استعفی دیں اور گھر جائیں۔ عوام کے ٹیکس پر پلنے کی ضرورت نہیں ہے۔
Comments