
اسلام آباد( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے پاکستان کے دورے پر آئی امریکی رکن کانگریس الہان عمر کی ملاقات ہوئی ہے۔عمران خان اور الہان عمر کی ملاقات چئیرمین پی ٹی آئی کی رہائشگاہ بنی گالا میں ہوئی۔سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری نے عمران خان اور الہان عمر کی تصویر جاری کرتے ہوئے کہا کہ ملاقات میں اسلاموفوبیا اور متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
الہان عمر نے عمران خان اور عالمی سطح پر اسلام فوبیا کے خلاف ان کے موقف کو سراہا۔جب کہ عمران خان نے الہان عمر کے ان مسائل پر جرات مندانہ اور اصولی موقف کو سراہا۔
خیال رہے کہ امریکی رکن کانگریس الہان عمر بدھ کو اسلام آباد پہنچیں، پاکستان میں قیام کے دوران وہ آزاد کشمیر کا بھی دورہ کریں گی۔
خیال رہے کہ امریکا صدارتی انتخابات میں الہان عمر ریاست منی سوٹا سے پھر کامیاب ہو گئی تھیں۔
امریکا کے صدارتی انتخابات 2020 میں الہان عمر نے منی سوٹا سے 2 لاکھ 51 ہزار 820 ووٹ حاصل کیے جو ڈالے گئے ووٹوں کا 64.6 فیصد بنتا ہے۔الہان عمر کے حریف اور ری پبلکن پارٹی کے امیدوار جونسن نے ایک لاکھ 907 ووٹ حاصل کیے جو کہ 25.9 فیصد ہیں۔ 2018ء میں ہونے والے امریکہ کے وسط مدتی انتخابات میں بھی الہان عمر نے منی سوٹا سے 72 فیصد ووٹ حاصل کیے تھے۔اور ان کے مدمقابل ری پبلکن امیدوار نے صرف 22 فیصد ووٹ حاصل کیے تھے۔
واضح رہے کہ الہان عمر امریکا کی وہ خاتون امیدوار ہیں جن پر ڈونلڈ ٹرمپ تنقید کرتے رہے ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیموکریٹک خاتون رکن الہان عمر کوشدید تنقید کا نشانہ بنایا ۔ٹرمپ نے اپنے ذاتی اکاؤنٹ سے کی گئی ٹویٹ میں کہا کہ لیسی جانسن شان دار کام کریں گے ، الہان عمر بدعنوانی کی آفت ہیں۔ امریکی صدر نے ریاست مینسوٹا کی نشست کے حوالے سے الہان کے ریپبلکن حریف لیسی کے لیے اپنی حمایت اور تائید کا اظہار کیا تھا ۔
Comments