
لاہور(نیوز ڈیسک) لاہور میں پی ٹی آئی کا جلسہ بارش کی نذر ہونے کا امکان، محکمہ موسمیات نے لاہور میںموسلادھاربارش کی پیش گوئی کر دی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں پی ٹی آئی کے جلسے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور آج رات جلسے سے سابق وزیراعظم خان سمیت پی ٹی آئی رہنما خطاب کریں گے تاہم محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور میں آج رات بارش کا امکان ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور میں شام 6 بجے سے رات 11 بجے کے درمیان بارش کا امکان ہے، لاہور میں بارش ہونے کا امکان 40 فیصد ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور میں اس وقت 54 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف نے لاہور میں مینارِ پاکستان جلسے کے لیے تیار کیا گیا خصوصی ترانہ جاری کر دیا ہے۔
ترانے میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی سیاسی جدوجہد اور عوامی پاور شو کو دکھایا گیا ہے۔ پی ٹی آئی رہنما عمر ڈار کا کہنا ہے کہ ترانہ لاہور جلسے کے لیے عمران خان کی محبت میں تیار کیا ہے۔ترانہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار اور عمر ڈار نے تیار کرایا ہے۔ ترانے کے بول ”جھوٹ کا توڑیں کے دستور، ہمیں غلامی نامنظور“ ہیں۔عمر ڈار نے کہا کہ ہمارا نعرہ ہے کہ ”دشمن کے سر کو جھکانا ہے، اس ملک کو مل کے بچانا ہے“، ترانے میں پی ٹی آئی کارکنان کے جذبات کی عکاسی کی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ترانہ ورکرز کا عمران خان کی جدو جہد اور سامراجی طاقتوں کے نام پیغام ہے۔واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے جلسے میں شرکت کے لیے شہریوں کی ایک بڑی تعداد مینار پاکستان پہنچ گئی ہے اور پنڈال بھر چکا ہے۔
Comments