
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) قومی احتساب بیورو ( نیب ) نے چار سال میں وصولی صفر ہونے کی خبروں کی تردید کردی ۔ تفصیلات کے مطابق چار سال میں وصولی صفر ہونے کی خبروں پر نیب کی جانب سے تردید جاری کی گئی ہے ، اس حوالے سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ چار سال میں 584ارب کی خطیر رقم برآمد کی گئی ، صرف ہاوسنگ فراڈ میں برآمد رقم 1 لاکھ 77 ہزار 408 افراد کو واپس بھی لوٹا چکے ہیں ، مجموعی طور پر 26 ارب روپے کی رقم ان متاثرین میں واپس تقسیم کی گئی۔
قومی احتساب بیورو کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بے بنیاد خبروں کے خلاف ضروری قانونی کارروائی کی جا رہی ہے تاکہ ایسے پروپیگنڈے کا خاتمہ کیا جاسکے۔
دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ ہم سب نے آج فیصلہ کرنا ہے کہ یا نیب چلائیں یا حکومت ، عدالتوں میں کیمرے لگا کر دکھائیں نیب کرکیا رہاہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے قومی احتساب بیورو (نیب) کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سب نے آج فیصلہ کرنا ہے کہ یا نیب چلائیں یا حکومت، حکومتی افسران نےکہاکہ نیب کی موجودگی میں کام نہیں کرسکتے،حل یہی ہے کہ نیب ختم کریں کیوں کہ اگر یہ ادارہ رہے گا تو یہ ملک نہیں چل سکتا، امید ہے کہ کابینہ اس حوالے سے بہتر فیصلہ کرے گی۔ رہنما مسلم لیگ ن شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے کیسز ختم نہ کریں، نیب ختم ہونے سے سب سے زیادہ فائدہ عمران خان کو ہوگا ، ہم کسی پر الزام نہیں لگائیں گے اور جیلوں میں نہیں ڈالیں گے، جنہوں نے ملک کو لوٹا اور کرپشن کی انہیں جواب دینا پڑے گا۔
Comments