
لاہور(نیوز ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے اتحادیوں کے تعاون سے ملک کو درپیش معاشی اور دیگر چیلنجز پر قابو پانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت شدید معاشی دبا ئوکا شکار ہے لیکن پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ،اجتماعی ذمہ داری کے تحت اتحادی جماعتوں کے تعاون سے ان مسائل کو حل کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔
رائے ونڈ میں پارٹی رہنمائوں، اراکین اسمبلی ،کارکنوں اور عوام سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے عندیہ دیا کہ جلد قوم سے خطاب کروںگا اور ان چیلنجز کا تفصیل سے ذکر کروں گا ۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کو ترقی اور خوشحالی کی طرف اس سفر کو لگن اور محنت کے ساتھ ایمانداری کے ساتھ طے کرنا ہوگا۔
انہوں نے قوم کو یقین دلایا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی قیادت میں حکومت تیز ترقی اور خوشحالی کا سفر دوبارہ شروع کرے گی جو 2018 میں تعطل کا شکارہو گیا تھا،سابقہ نااہل حکومت نے معیشت کو تباہ کر دیا تھا ۔
وزیراعظم نے گزشتہ چار سالوں کے دوران مسلم لیگ (ن)کی قیادت کی مسلسل حمایت پر عوام اور پارٹی کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شریف خاندان اور مسلم لیگ (ن)کی قیادت آپ کی بھرپور حمایت کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
Comments