پشاور (نیوزڈیسک) مشیراطلاعات خیبرپختونخواہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں قومی اتحاد ناگزیر ہے لیکن عمران خان کی رہائی کے بغیر قومی یکجہتی ناممکن ہے، جعلی حکومت قومی اتفاق رائے پیدا کرنے کیلئے اپنی فسطائی روش ترک کرے۔ انہوں نے اپنے ردعمل میں کہا کہ فالس فلیگ آپریشن کے بعد مودی سرکار کی جانب سے کشمیریوں کے خلاف فسطائیت قابل مذمت ہے، اپنے سکرپٹڈ ڈرامے میں معصوم کشمیریوں پر ظلم ڈھانے سے گریز کرے۔
مودی سرکار اپنی فاشسٹ سوچ کے تحت پورے برصغیر کو آگ میں جھونکنے کے درپے ہے، بھارت کسی بھی قسم کے جارحانہ اقدام سے باز رہے، ورنہ پاکستانی قوم دشمن کو اس کی زبان میں جواب دینا جانتی ہے، اس بار چائے ’’ فنٹاسٹک ‘‘ نہیں بلکہ کڑوی اور ناقابلِ برداشت ہوگی۔
بھارت نے اگر کوئی حرکت کی تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ پاکستان دشمن کو ہر محاذ پر شکست دینے کی صلاحیت رکھتا ہے، جعلی حکومت قومی اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے اپنی فسطائی روش ترک کرے، عمران خان اور دیگر سیاسی قیدیوں کی فوری رہائی وقت کی اہم ترین ضرورت ہے،عمران خان واحد لیڈر ہے جو عوام کے دلوں میں بستے ہیں، عمران خان ہی کی قیادت میں ملک بحرانوں سے نکل سکتا ہے، موجودہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے قومی اتحاد ناگزیر ہے، عمران خان کی رہائی کے بغیر قومی یکجہتی ناممکن ہے۔
دوسری جانب گوجرانوالہ انسداد دہشتگردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی پر حملہ کیس کا فیصلہ سنا دیا۔ رپورٹ کے مطابق تھانہ سٹی وزیر آباد کے مقدمہ کی سماعت انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ہو ئی، مرکزی ملزم نوید کو معظم کے قتل اور دہشتگردی کی دفعات کے تحت دو مرتبہ عمر قید اور مجموعی طور پر 15 لاکھ جرمانے کا حکم دیا گیا۔ حملہ میں چار زخمیوں کی حد تک ملزم نوید کو 3 سے 5 سال قید کی سزا دی گئی، عدالت نے شریک ملزمان طیب جہانگیر بٹ اور وقاص کو شک کا فائدہ دیکر بری کر دیا۔
Comments