لاہور (نیوزڈیسک) پنجاب بھر کے تعلیمی ادارے کل سے دوبارہ کھلیں گے، جس کا باضابطہ نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے اعلان کیا ہے کہ صوبے بھر کے تمام تعلیمی ادارے پیر سے کھول دیئے جائیں گے، پنجاب کے تمام سرکاری و نجی سکولوں، کالجز اور یونیورسٹیوں میں معمول کے مطابق کل سے تدریسی سرگرمیاں بحال کردی جائیں گی، اس حوالے سے محکمہ تعلیم نے تمام اضلاع کو ہدایات جاری کردی ہیں تاکہ کل سے درس و تدریس کا عمل مکمل طور پر بحال ہوسکے، اس مقصد کے لیے باضابطہ نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کی کشیدگی کے باعث پنجاب بھر کے تعلیمی اداروں میں 2 دن کی چھٹیوں کا اعلان کیا گیا تھا، پاک بھارت جنگی صورتحال کے پیش نظر جمعرات کو پنجاب بھر کے تمام تعلیمی ادارے اتوار 11 مئی تک بند کردیئے گئے تھے، اس حوالے سے وزیرتعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر تمام نجی اور سرکاری تعلیمی ادارے 9 اور 10 مئی کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا، چھٹیوں کے احکامات تمام سکولوں، کالجز اور یونیورسٹیوں کے لیے تھے۔
صوبائی وزیر تعلیم نے بتایا تھا کہ پنجاب بھر میں ہونے والے انٹرمیڈیٹ امتحانات بھی 2 روز کیلئے ملتوی کردیئے گئے، جمعرات، جمعہ اور ہفتہ کو ہونے والے پریکٹیکل بھی ملتوی ہوگئے تھے، جمعہ 9 اور ہفتہ 10 مئی کو ہونے والے امتحانات اور پریکٹیکل کا نیا شیڈول جلد جاری ہوگا، جب کہ 12 مئی پروز پیر سے صوبے میں تدریسی عمل کا دوبارہ معمول کے مطابق آغاز ہوگا۔
Comments