اسلام آباد (نیوزڈیسک) حکومت کی جانب سے یوم تکبیر کے موقع پر جاری کیے جانے والے سرکاری اشتہارات سے ڈاکٹر عبدالقدیرخان کی تصاویر غائب ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے یوم تکبیر کی مناسبت سے ملک کے اخبارات میں بڑے بڑے اشتہارات جاری کیے ہیں جن میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی تصویر سب سے نمایاں ہے، ان اشتہارات میں سابق وزیراعظم ذوالفقارعلی بھٹو کی تصویر بھی دکھائی دے رہی ہے، اسی طرح صدر آصف علی زرداری، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور دیگر مسلح افواج کے سربراہان کی تصاویر کو بھی اشتہار کا حصہ بنایا گیا ہے۔
اس کے علاوہ وزیراعظم شہباز شریف کی تصویر بھی ان اشتہارات میں شامل ہے جب کہ پنجاب حکومت کی طرف سے جاری کردہ اشتہار میں مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی تصاویر دکھائی دے رہی ہیں، تاہم وفاقی اور پنجاب حکومت کی جانب سے جاری ان اشتہارات میں ملک کے معروف ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی کہیں ایک بھی تصویر دکھائی نہیں دے رہی حالاں کہ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے میں ان کا نمایاں کردار ہے۔
بتایا گیا ہے کہ یوم تکبیر پر قوم کو مبارکباد کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرائی گئی ہے، قرارداد مسلم لیگ ن کی رکن حنا پرویز بٹ کی جانب سے جمع کروائی گئی، جس کے متن میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان یوم تکبیر کے موقع پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہے، یہ ایوان قائد میاں نواز شریف کو خراج تحسین پیش کرتا ہے، نواز شریف نے بھارت کے پانچ ایٹمی دھماکوں کے جواب میں چھ ایٹمی دھماکے کرکے ملک کی دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا، نواز شریف نے امریکہ کی پانچ ارب ڈالر کی آفر کو بھی ایبسولوٹلی ناٹ کہا، نواز شریف نے غیر ملکی دباؤ اور دھمکیوں پر ملکی سلامتی اور خود مختاری کو مقدم رکھا، 28 مئی کو پاکستان اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی قوت بنا، یہ ایوان اپنی بہادر افواج پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتا ہے، پاکستان کی افواج ملکی دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔
Comments