کوئٹہ (نیوزڈیسک) فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ چاہے اندرونی ہو یا بیرونی دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کوئٹہ کے زیری آڈیٹوریم میں قبائلی عمائدین کے ساتھ منعقدہ گرینڈ جرگے سے خطاب کیا، اس موقع پر انہوں نے بلوچستان میں جاری دہشت گردی، بھارتی مداخلت اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اظہار خیال کیا۔
وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت بلوچستان میں پراکسی وار کے ذریعے امن و ترقی کو نشانہ بنا رہا ہے، فتنہ الہندستان جیسے گروہ عوامی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جنہیں معاشرتی جگہ ہرگز نہیں دینی چاہیئے، ریاستی ادارے عوام کی حمایت سے دہشت گردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، بلوچ قوم نے قومی وحدت کی خاطر لازوال قربانیاں دی ہیں، بلوچستان کے لیے متعارف کروائے گئے ترقیاتی پیکجز کے اثرات عوام تک براہِ راست پہنچنے چاہئیں۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے نیٹ ورکس کے پیچھے بھارت کا ہاتھ بے نقاب ہو چکا ہے اب یہ صرف پراکسی وار نہیں بلکہ کھلی جارحیت کی شکل اختیار کر چکی ہے، دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے، چاہے وہ اندرونی ہو یا بیرونی ہو، پاکستان آرمی ہر خطرے کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور بلوچستان میں امن و استحکام ناقابلِ سودے بازی ہے، پاکستان کا مستقبل بلوچستان سے جڑا ہوا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ جرگے کے اختتام پر قبائلی عمائدین نے افواجِ پاکستان اور حکومت سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ ہر مشکل وقت میں ریاست کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے‘، بعد ازاں وزیراعظم نے کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کا بھی دورہ کیا، وزیراعظم نے شہداء کے لواحقین کو مکمل ریاستی تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی، انہوں نے طلبہ افسران اور فیکلٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں ہائبرڈ خطرات کے خلاف پیشہ ورانہ مہارت اور اسٹریٹیجک فہم ناگزیر ہے۔
Comments