Social

بلوچستان، مسلح افراد نے اسسٹنٹ کمشنر کیچ محمد حنیف کو اغواء کرلیا،اہلخانہ کے ہمراہ عید پر کوئٹہ جارہے تھے

کوئٹہ (نیوزڈیسک) صوبہ بلوچستان میں مسلح افراد نے اسسٹنٹ کمشنر کو اغواء کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقہ تمپ کے اسسٹنٹ کمشنر محمد حنیف نورزئی کو اغوا کرلیا گیا ہے، ڈپٹی کمشنر کیچ نے اسسٹنٹ کمشنر کےاغوا کی تصدیق کی، لیویز ذرائع نے بتایا کہ بلوچستان کے ضلع کیچ میں اسسٹنٹ کمشنر محمد حنیف نورزئی کو نامعلوم مسلح افراد نے سرینکین کے مقام سے اغواء کیا، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تربت اور سرینکین کے مختلف علاقوں کو گھیرے میں لے کر اغواء کروں کی تلاش شروع کردی۔
ڈپٹی کمشنر کیچ نے اسسٹنٹ کمشنر کے اغوا کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اسسٹنٹ کمشنر محمد حنیف سرکاری گاڑی پر اہلخانہ کے ہمراہ عید کی چھـٹیوں پر کوئٹہ جارہے تھے کہ اس دوران راستے میں تربت کے قریب 6 مسلح افراد نے ان کی گاڑی رکوائی اور اہلخانہ و محافظ کو چھوڑ کر اسسٹنٹ کمشنر کو اپنے ہمراہ لے گئے۔

بتایا جارہا ہے کہ 30 مئی کو بلوچستان کے ضلع سوراب میں فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں نے سرکاری افسران کی رہائش گاہوں پر حملہ کردیا تھا، اس حملے کے دوران اہلخانہ کا دفاع کرتے ہوئے دہشت گردوں سے لڑائی کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہدایت بلیدی شہید ہوگئے تھے، دہشت گردوں نے سرکاری افسران کی رہائش گاہوں کو نذر آتش کرکے بینک کو لوٹ لیا تھا۔

معلوم ہوا ہے کہ بلوچستان میں بھارتی پراکسیز دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہیں، بھارت ان دہشتگردوں کو تربیت، اسلحہ اور مالی معاونت فراہم کرتا ہے اور انہیں اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کرتا ہے جس کی وجہ سے بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ ہوچکا ہے، اس حوالے سے ایک بڑا واقعہ جعفر ایکسپریس پر حملہ تھا جب 11 مارچ کو دہشت گردوں نے جعفر ایکسپریس ٹرین پر حملہ کرکے مسافروں کو یرغمال بنا لیا تھا۔


اس خبر پر اپنی راۓ کا اظہار کریں

RATE HERE


آپ کا نام


آپکا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا

آپکا ای میل ایڈریس


آپنا تبصرا لکھیں
Submit

Comments

اشتہار



مزید پڑھیں
tml> Tamashai News Tv