اسلام آباد (نیوزڈیسک) وزارتِ پاور ڈویژن نے بجلی کے صارفین کو براہِ راست نظام کا حصہ بنانے اور بلنگ کے عمل میں شفافیت کے فروغ کے لیے ’اپنا میٹر اپنی ریڈنگ‘ کے تحت پاور سمارٹ ایپ متعارف کرا دی، جس کا باقاعدہ افتتاح وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے کردیا۔ تفصیلات کے مطابق یہ فیچر بجلی صارفین کو مقررہ تاریخ پر اپنے میٹر کی تصویر لے کر ایپ پر اپ لوڈ کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے جس کی بنیاد پر ان کا ماہانہ بل جاری کیا جائے گا، اس نظام کا مقصد اوور بلنگ، ریڈنگ کی غلطیوں اور ریڈنگ میں تاخیر جیسے دیرینہ مسائل کا مؤثر حل فراہم کرنا ہے، یہ صرف ایک ٹیکنالوجی فیچر نہیں بلکہ گورننس میں ایک ٹھوس اصلاح ہے جو صارفین کو حقیقی معنوں میں بااختیار بناتی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ اس نظام سے صارفین نا صرف اپنے بل پر نظر رکھ سکیں گے بلکہ اب وہ ریڈنگ کے عمل کے نگہبان بھی ہوں گے، ایپ میں شامل نمایاں فیچرز کے تھت اگر صارف مقررہ دن پر ریڈنگ فراہم کر دے تو اس دن کے بعد لی گئی میٹر ریڈر کی ریڈنگ کو ترجیح نہیں دی جائے گی اور صرف صارف کی فراہم کردہ ریڈنگ ہی فیڈ کی جائے گی، یہ نظام خاص طور پر اُن صارفین کے لیے فائدہ مند ہے جو حکومتی سبسڈی کے مستحق ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ 200 یونٹس تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کا بل تقریباً 2 ہزار 330 روپے ہوتا ہے لیکن صرف ایک یونٹ کے اضافے پر سبسڈی ختم ہونے کے باعث بل 8 ہزار 104 روپے تک جا پہنچتا ہے، اس ایپ کے ذریعے یہ یقینی بنایا جا سکے گا کہ مستحقین بروقت ریڈنگ فراہم کرکے اپنی سبسڈی سے مستفید رہیں، "اپنا میٹر اپنی ریڈنگ" جیسے فیچرز بجلی کے نظام میں نا صرف شفافیت پیدا کریں گے بلکہ صارفین کو اس حد تک بااختیار بنائیں گے کہ وہ خود اپنی بلنگ کی نگرانی کر سکیں، اس سے اوور بلنگ، غیر ضروری مداخلت اور شکایات میں خاطر خواہ کمی آئے گی۔
Comments