لاہور(نیوزڈیسک)ٹریفک خلاف ورزی پر چالان بغیر ویڈیو یا تصویر کے جاری نہیں کیا جائے گا، پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے نیا شکایتی نظام متعارف کروادیا، شہری غلط ای چالان کو ٹریفک دفاتر جائے بغیر چیلنج کر سکتے ہیں،صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب بھر میں اب ٹریفک خلاف ورزی پر چالان بغیر ویڈیو یا تصویر کے جاری نہیں کیا جائے گا۔
پنجاب بھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر اب چالان صرف ویڈیو یا تصویر کے ثبوت کے ساتھ ہی جاری کیا جائے گا۔ ٹریفک حکام باڈی کیم یا موبائل کیمرے سے 5 سیکنڈ کی ویڈیو بنا کر خلاف ورزی کی تفصیل گاڑی کے مالک کو کیو آر کوڈ کے ذریعے بھجوائیں گے۔ نئے نظام کے تحت اگر کسی شہری کو لگتا ہے کہ اسے غلطی سے ای چالان موصول ہوا ہے تو وہ اپنی شکایت ای میل کے ذریعے etclhr@psca.gop.pk پر بھیج سکتے ہیں۔
اس ای میل میں ای چالان کی تصویر، گاڑی کا رجسٹریشن نمبر، اور مسئلے کی مختصر وضاحت شامل ہونی چاہیے۔ شکایت موصول ہونے کے بعد PSCA کی ٹیم معاملے کا جائزہ لے گی۔ اگر شکایت درست پائی گئی تو ای چالان کو منسوخ ہو جائے گا۔پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے حکام کاکہناہے کہ شہریوں کو چالاننگ کے نظام پر اعتماد دلانے اور شفافیت یقینی بنانے کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
پہلے ایسی غلطیوں کو درست کرنا ایک مشکل عمل تھا۔ لیکن اب، اس کا حل ایک ای میل بھیجنے جتنا آسان ہے۔ چالان کی جلد ادائیگی کو لازمی بنانے کیلئے قانون میں تبدیلی کی تیاریاں مکمل کی جا رہی ہیں۔حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ متعلقہ معلومات ایکسائز ڈیپارٹمنٹ سے حاصل کی جائیں گی جبکہ قانون میں ترامیم کیلئے سمری بھی تیار کی جا رہی ہے۔دوسری جانب ٹریفک پولیس کی ہیلمٹ نہ پہننے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن جا ری ہے۔
پنجاب ٹریفک پولیس نے بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کے خلاف سخت اقدامات کئے جارہے ہیں۔ سی ٹی او اطہر وحید نے ٹریفک پولیس کو ہدایات دیں تھیں کہ کوئی بھی موٹرسائیکل سوار بغیر ہیلمٹ کے سڑک پر نظر نہیں آنا چاہیے۔ اس کے علاوہ نمبر پلیٹ کے بغیر موٹرسائیکل چلانے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔سی ٹی او نے مزید بتایا کہ تمام اہلکاروں کو ہیلمٹ اور نمبر پلیٹ کے استعمال کے بارے میں آگاہ کر دیا جائے گا اور جو اہلکار اس پر عمل نہیں کریں گے ان کی ایک سال کی نوکری معطل کر دی جائے گی۔
Comments