
کرک (نیوزڈیسک) وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ سہیل آفریدی کا کہنا ہے کہ میں عمران خان کا سپاہی ہوں، میرے اعصاب مضبوط ہیں، میں لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ پر ایمان رکھنے والا ہوں، مجھے کوئی نہیں ڈرا سکتا۔ کرک میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کہتے ہیں نوجوان ہے، تجربہ نہیں ہے، ڈیلیور نہیں کرپائے گا، ان کے وہ بڑے بڑے "بابے" جو 78 سال سے اس ملک پر مسلط ہیں انہوں نے کون سا تیر مار لیا؟ ڈلیور کرنے کیلئے نیت، کوشش، پالیسی، کرپشن کیلئے زیرو ٹالرنس اور جامعہ پلان چاہیئے، اگر یہ چیزیں ہیں تو ایک بچہ بھی ڈیلیور کرسکتا ہے، میں تو پھر 36 سال کا ہوں، اور اگر نیت نہیں تو پھر آپ لندن میں فلیٹس خریدیں گے۔
سہیل آفریدی کہتے ہیں کہ جب ان کو میرا نام پسند نہیں آیا، میرا مڈل کلاس اور قبائلی ہونا پسند نہیں آیا تو انہوں نے میرے خلاف بیانیہ بنانا چاہا، لیکن سوشل میڈیا اور پاکستانی عوام نے وہ بیانیہ بلڈ نہیں ہونے دیا اور اس بیانیے کو ختم کردیا، میں سوشل میڈیا کا شکریہ ادا کرتا ہوں کیوں کہ ہم عمران خان کے سپاہی ہیں ہم پاکستان کی ترقی کیلئے اقتدار میں ہیں، کوئی کمشنر، ڈی سی یا ڈی پی او بادشاہ نہیں بنے گا، یاد رکھنا تم عوام کے نوکر ہو، ضلعی انتظامیہ کو ہدایات دے دی ہیں اگر کوئی کرپشن کرے گا تو اسی دن گھر جائے گا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کا کہنا ہے کہ صوبے میں جتنے بھی دہشتگرد آتے ہیں یہ انٹیلیجنس ناکامی کی وجہ سے ہیں، ہم سپیشل برانچ کو مضبوط کرنے کیلئے انویسٹمنٹ کرنے جا رہے ہیں، ہم دہشت گردی کو روکنے کیلئے سی ٹی ڈی کو مضبوط کریں گے کیوں کہ میرا پہلا مقصد عمران خان کی سوچ کے مطابق خیبرپختونخواہ میں امن لانا ہے، اس کیلئے ہم پولیس کو مضبوط ترین بنائیں گے، پولیس کیلئے جدید اسلحہ خریدیں گے، ہم نے پولیس کیلئے 70 بلٹ پروف گاڑیاں منگوائیں ہیں، 40 پہنچ گئی ہیں اور باقی 30 کی پیمنٹ بھی کردی گئی ہے۔
Comments