بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے طیارہ حادثے میں اپنی موت کی افوا پھیلانے والوں کو دلچسپ ٹوئٹ میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ خدا کا شکر ہے کہ طیارہ تباہ ہونے اورفلم کے سیٹ پر خطرناک حادثے کے باوجود وہ بچ گئے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روزشاہ رخ خان نے اپنی نئی فلم کی شوٹنگ میں مصروف تھے کہ اچانک ایک حادثہ پیش آیا جس سے سیٹ کا کچھ حصہ زمین پر آگرا، کنگ خان خوش قسمتی سے اس حادثے میں بال بال بچ گئے ۔دوسری جانب یورپین ویب سائٹ نے اسی دوران شاہ رخ خان کے موت کی خبر چلادی جس میں کہا گیا کہ پیرس میں طیارہ حادثے میں کنگ خان ساتھیوں سمیت ہلاک ہوگئے۔یہ خبر جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی جب کہ کئی بھارتی ویب سائٹ نے بھی تصدیق کیے بغیر یہ خبر شائع کی۔شاہ رخ خان نے ٹوئٹر پر حادثے سے متعلق ایک دلچسپ ٹوئٹ کے ساتھ اپنی تصویر بھی شیئر کی جس میں وہ بالوں پر ہاتھ پھیر کر حیرانی کا اظہار کررہے ہیں، ٹوئٹ میں شاہ رخ خان نے کہا کہ خدا کا شکر ہے کہ طیارہ تباہ ہونے اورفلم کے سیٹ پر خطرناک حادثے کے باوجود وہ بچ گئے۔آنند رائے کی فلم میں شاہ رخ خان کے ساتھ کترینہ کیف اور انوشکا شرما بھی مرکزی کردار ادا کررہی ہیں۔
Comments