آدھا وقت گزر گیا، جے آئی ٹی کے 30 روز مکمل ہوگئے، جبکہ 30 روز باقی ہیں،جے آئی ٹی نے کتنا کام مکمل کیا، اس حوالے سے ایک ماہ کی کارکردگی رپورٹ کل سپریم کورٹ میں پیش کی جائے گی۔جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاء کارکردگی رپورٹ عدالت عظمیٰ کے سامنے رکھیں گے، جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں 3رکنی پاناما عمل درآمد خصوصی بنچ کل سماعت کرے گا۔پاناما معاملے کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کے 30 روزکام کے دوران وزیراعظم کے صاحبزادے حسین نواز کی 4پیشیاں ہوئیں جبکہ حسن نواز ک ایک پیشی ہوئی۔نیشنل بینک کے صدر سعید چمن کی 13گھنٹے طویل پیشی ہوئی، جبکہ قطری خط کے معاملے پر حمد بن جاسم الثانی کو جے آئی ٹی کے دو سمن جاری کیے گئے جن کا جواب بھی آگیا۔حدیبیہ پیپرز ملز سمیت شریف خاندان کے تمام کاروبار کا ریکارڈ ایس ای سی پی سے لے لیا گیا۔وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا مشرف دور میں دیا گیا مبینہ منی لانڈرنگ سے متعلق اعترافی بیان بھی ریکارڈ میں شامل ہے، ایسے میں وزیراعظم کے صاحبزادے حسین نواز کی 28 مئی کی پہلی پیشی کی تصویر بھی لیک ہوئی،جے آئی ٹی اس معاملے کی تحقیقات بھی کر رہی ہے ۔
Comments