خلیجی ریاستوں کے بائیکاٹ سے قطر کوکئی بحرانوں کا سامنا ہے، سعودی عرب سے اشیاء کی ترسیل بند ہونے سے غذائی قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا۔دنیا کی بڑی قطر ایئرلائن کو یومیہ کروڑوں روپے کا نقصان ہوگا، کویت نے مصالحت کی کوششیں شروع کر دیں،امیر کویت آج سعودی فرماں روا شاہ سلمان سےملاقات کریں گے۔اختلافات کے بھنور میں گھری خلیج تعاون کونسل کو کنارے پر لانے کےلیے کویت سرگرم ہوگیا ہے،کویت کے امیر شیخ صباح الاحمد الصباح سعودی فرمانروا شاہ سلمان سے ملاقات کے لیے جدہ پہنچ گئے ہیں،امیر کویت نے فریقین پر زور دیا کہ ایسا کوئی بھی قدم نہ اٹھایا جائے جس سے صورت حال کو نقصان پہنچے۔خلیجی ریاستوں کے بائیکاٹ نے قطر کے شہریوں کو دوسرے روز بھی پریشانی میں گھیرے رکھا، دارالحکومت دوحہ کے شاپنگ مالز میں کھانے پینے کی اشیاء خریدنے والوں کے چہروں پر آنے والے دنوں کی شکلات صاف پڑھی جاسکتی ہیں۔سعودی عرب کی جانب سے سرحد بند رہی تو دودھ، پنیر،چکن کی ترسیل ختم ہوجائے گی اور مہنگائی کی بڑی لہر شہریوں کو لپیٹ میں لے لے گی۔فضائی حدود کی پابندیوں نے بھی قطر ائیرویز کو جکڑ لیا ہے، سعودی عرب، بحرین،متحدہ عرب امارات کی ائیر اسپیس بند ہونے کہ وجہ سے ساری پروازیں ایران کی فضائی حدود سے ہوتی ہوئے اپنی نزلوں کی جانب جارہی ہیں، جس کی وجہ سے ایندھن کی کھپت بڑھنے کے ساتھ ٹکٹس بھی مہنگے ہوں گے۔
Comments