کراچی کی سڑکوں پر گاڑی میں شیر کو گھمانے والے نوجوان کو پولیس نے حراست میں لے لیا، شیر کے مالک نوجوان کا کہنا ہے کہ اس کے پاس شیر رکھنے کا اجازت نامہ موجود ہے۔کراچی کے علاقے کریم آباد میں کھلے عام شیر کو گاڑی کے پیچھے بٹھا کر گھمایا جس کو دیکھ کر شہریوں میں خوف کی لہر دوڑ گئی تاہم کچھ افراد نے اس منظر کو موبائل فون کے کیمرے سے محفوظ کرلیا۔واقعہ کی موبائل ویڈیو میڈیا پر چلی تو پولیس بھی حرکت میں آگئی، ایس پی گلبرگ بشیر احمد بروہی نے پولیس ٹیم کے ہمراہ فیڈرل بی ایریا کے بلاک 13 میں گھر پر چھاپا مارا اور شیر کے مالک ثقلین کو حراست میں لیکر عزیزآباد تھانے منتقل کردیا جبکہ شیر کو پولیس نے تحویل میں لے لیا ہے۔نوجوان نے تھانے میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ شیر بیمار ہے یہی وجہ ہے کہ وہ اسکا چیک اپ کرانے کے بعد گاڑی میں پیچھے بٹھا کر واپس گھر جارہا تھا، اس کے پاس شیر رکھنے کے تمام دستاویزات ہیں۔
Comments