مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ شریف خاندان میں اختلافات کی خبریں افوہیں ہیں، ہم سب میاں نواز شریف کی قیادت میں متحد ہیں۔
تفصیلات کے مطابق حمزہ شہباز شریف نے سٹی 42 سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مشرف دور میں بھی شریف خاندان کے خلاف سازش کے تحت افواہیں پھیلائی گئیں تاہم شریف فیملی میاں نواز شریف کی قیادت میں متحد ہے۔
حمزہ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف سے وزیر اعلیٰ پنجاب کی اہم ملاقات ہوئی ہے جس میں آئندہ کے لیے پارٹی کی حکمت عملی اور سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا۔
این اے 120 کے انتخابات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا تھا کہ یہ میاں نواز شریف کے چاہنے والوں کا حلقہ ہے اور مسلم لیگ ن واضح مارجن سے کامیابی حاصل کرے گی۔
اُنہوں نے کہا کہ ریلی میں لاہور کے متوالوں نے میاں نواز شریف کا شاندار استقبال کیا جبکہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے میاں نواز شریف کی قیادت میں توانائی بحران سمیت دیگر عوامی مسائل کو حل کرنےکے لیے کام کیا، ان کا کہنا تھا کہ لوڈشیڈنگ کا 2018 تک خاتمہ ہوجائے گا۔
Comments