وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے میانوالی میں 340 میگاواٹ کے چشمہ ایٹمی بجلی گھر منصوبے کا افتتاح کردیا۔
چشمہ سی فور پاور پلانٹ منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کسی بھی بین الاقوامی امداد کے بغیر چشمہ میں 28 دسمبر 2016 کو منصوبے کا باقاعدہ آغاز ہوا اور یہ ملک کا پانچواں ایٹمی بجلی گھر ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی طرف سے 2030 تک پاکستان اٹامک انرجی کو دیئے جانے والا یہ منصوبہ ملکی ترقی کے لئے اہم قدم ثابت ہوگا۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ منصوبوں کی تکمیل کے لیے چینی حکومت اور اداروں کے مشکور ہیں، نومبر2017 کے بعد ہم ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرنے کے قابل ہوں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ جوہری توانائی پلانٹس سے سستی بجلی پیدا ہورہی ہے، چشمہ اور مظفرگڑھ میں جوہری توانائی کے مزید منصوبے لگائے جارہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ نواز شریف کے وژن کے مطابق توانائی منصوبوں کی تکمیل کی جانب بڑھ رہے ہیں اور یہ منصوبے 2020 کے 8 ہزار 800 میگاواٹ جوہری بجلی ہدف میں اہم قدم ہیں۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ایٹمی بجلی گھر کا افتتاح کرنے پی اے ایف بیس سے بذریعہ ہیلی کاپٹر چشمہ پہنچے، اس موقع پر علاقے میں سیکیورٹی کےانتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
Comments