بھکر (نیوزڈیسک) صوبہ پنجاب کے علاقہ بھکر میں سسرالیوں نے بیوی کو منانے کے لیے آنے والے داماد کو باندھ کر ٹرین کے آگے پھینک دیا جس کے باعث نوجوان کی دونوں ٹانگیں کٹ گئیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھکر میں یہ واقعہ گڈولہ پھاٹک کے قریب پیش آیا جہاں نوجوان اپنی روٹھی ہوئی بیوی کو منانے کیلئے سسرال اگیا تو وہاں پر اس کا سسرال والوں سے جھگڑا ہوگیا، جس پر طیش میں آکر سسرالیوں نے اپنے داماد کو پہلے رسیوں سے باندھ دیا اور پھر اس کو اٹھا کر ٹرین کے آگے پھینک آئے، ٹرین کی زد میں آنے کی وجہ سے نوجوان کی ٹانگیں کٹ گئیں جب کہ واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکاروں نے زخمی نوجوان کوہسپتال منتقل کردیا۔
دوسری طرف صوبہ خیبرپختونخواہ کے علاقہ صوابی میں پولیس نے تنازعہ مستورات پر کلہاڑی سے سسر کو بے دردی سے قتل کرنے والے داماد کو 24 گھنٹوں کے اندرآلہ قتل سمیت گرفتارکرلیا، مسماة (ب) سکنہ پابینی نے اپنے شوہرکے قتل کی رپورٹ داماد ملزم نیاز علی کے خلاف درج کرائی تھی کہ مقتول لائق زمان بسلسلہ مزدوری محنت بلاک فیکٹری میں کام کر رہاتھا، اسی دوران ملزم نیاز علی نے وہاں پر کلہاڑی کے وار سے مسمی لائق زمان کو ابدی نیند سلادیا۔
بتایا گیا کہ وجہ عناد ملزم سے گھریلو ناچاقی کی بناء پر بیوی میکے چلی گئی تھی اور مقتول بیٹی سسرال گھر واپسی پر انکاری تھے، ڈی ایس پی سرکل صوابی سٹی اعجاز خان آبازئی کی قیادت میں ایس ایچ او صوابی الطاف خان معہ پولیس ٹیم چوکی جھنڈا انچارج عامر خان نے فوری کامیاب کارروائی کرتے ہوئے درندہ صفت ملزم نیازعلی سکنہ پابینی کو گرفتار کرکے دوران تفتیش مذکورہ ملزم سے آلہ قتل کلہاڑی برآمد کرلی۔
Comments