کوئٹہ (نیوزڈیسک) کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی ( بی ایل اے ) نے بولان کے علاقے میں جعفر ایکسپریس ٹرین پر قبضہ کرنے کا دعویٰ کردیا جب کہ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بلوچستان کے علاقے مچھ میں آب گم کے قریب جعفرایکسپریس پر دہشت گردوں نے حملہ کر دیا، فائرنگ کے باعث متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، دہشت گردوں کی جانب سے مسافر ٹرین پر شدید فائرنگ کی گئی جس کے باعث خوف و ہراس پھیل گیا۔
کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے دعویٰ کیا ہے کہ بولان کے علاقے میں جعفر ایکسپریس ٹرین پر قبضہ کیا گیا ہے، اس حملے کی مکمل ذمہ داری بلوچ لبریشن آرمی قبول کرتی ہے، بولان میں جعفر ایکسپریس کا کنٹرول سنبھالنے سے پہلے ریلوے ٹریک کے ایک حصے کو دھماکے سے اڑایا گیا جس سے ٹرین کو رکنا پڑا، جس کے بعد تمام مسافروں کو یرغمال بنالیا گیا اور سینکڑوں مسافر اس وقت بی ایل اے کی تحویل میں ہیں، فوجی آپریشن کی کسی بھی کوشش کے نتیجے میں تمام یرغمالیوں کو فوری طور پر قتل کردیا جائے گا۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ جعفر ایکسپریس ٹرین صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے پشاور جا رہی تھی کہ اس دوران دہشتگردوں کی جانب سے بولان کے علاقے پیروکنری کے علاقے میں مسافر ٹرین پر فائرنگ کی گئی، کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفرایکسپریس جیسے ہی بولان کے علاقے آب گم کے مقام پر پہنچی تو دہشت گردوں کی جانب سے اچانک مسافر ٹرین پر حملہ کردیا گیا اور شدید فائرنگ شروع کردی، دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں ٹرین ڈرائیور زخمی ہوگیا، دیگر متعدد افراد کے بھی زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
Comments