Social

تحریک انصاف اور جے یو آئی ف کے رہنماؤں کی ملاقات کی اندرونی کہانی منظرعام پر آگئی

اسلام آباد (نیوزڈیسک) پاکستان تحریک انصاف اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مابین ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی اور جے یو آئی ف کے وفد کے مابین ملاقات گزشتہ شب پارلیمنٹ لاجز میں ہوئی، دونوں وفود کے مابین بات چیت انتہائی خوشگوار رہی، اپوزیشن اتحاد کے معاملے پر ہونے والی اس ملاقات میں پی ٹی آئی نے جے یو آئی ف سے الائنس کے لیے ٹی او آرز طلب کیے ہیں، جس پر جمعیت علماء اسلام ف کے رہنماؤں نے ٹی اوآرز پر پارٹی کے امیر مولانا فضل الرحمان سے مشاورت کے لیے وقت مانگ لیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام ف کے ٹی او آرز موصول ہونے پر بانی پی ٹی آئی سے ان پر مشاورت کی جائے گی کیوں کہ عمران خان چاہتے ہیں ملکی صورتحال پر مولانا فضل الرحمان گرینڈ اپوزیشن الائنس کا حصہ بنیں تاہم جے یو آئی ف سے اتحاد انتخابی نہیں صرف سیاسی ہوگا۔

بتایا جارہا ہے کہ جے یو آئی ف کا وفد مولانا عبدالغفور حیدری کی سربراہی میں پی ٹی آئی قیادت سے مذاکرات کیلئے پارلیمنٹ لاجز پہنچا، جے یو آئی کے وفد میں سینیٹر کامران مرتضی بھی شامل تھے جب کہ پی ٹی آئی کی جانب سے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ، سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، صوبائی صدر جنید اکبر، ایم این اے عاطف خان، ایم این اے عامر ڈوگر اور اپوزیشن اتحاد کے ترجمان اخونزادہ حسین یوسفزئی نے شرکت کی۔

دونوں جماعتوں کے مذاکرات کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں عمران خان اور مولانا فضل الرحمان سے مشاورت کے بعد رواں ماہ حتمی لائحہ عمل عوام کے سامنے لانے پر اتفاق کیا گیا، دونوں جماعتوں کے درمیان سیاسی معاملات پر ہم آہنگی پیدا کرنے کیلئے بامقصد مذاکرات کیے گئے جس میں مستقبل کے لائحہ عمل سے متعلق بھی بات چیت کی گئی، دونوں جماعتوں کے قائدین کے درمیان ملاقات نہایت خوشگوار ماحول میں ہوئی اور کھلے لفظوں میں بحث ہوئی۔
اجلاس میں اس بات پر اتفاق ہوا کہ جو پیشرفت آج کی ملاقات میں ہوئی اس پر ہم عمران خان اور مولانا فضل الرحمان کی حتمی رائے لینے کے بعد انشاءاللہ اسی رمضان ایک مشترکہ لائحہ عمل کے ساتھ عوام کے سامنے آئیں گے، ملاقات میں اس بات کا بھی جائزہ لیا گیا کہ دونوں جماعتیں مستقبل میں کیسے ایک دوسرے کے ساتھ چل سکتی ہیں اس سلسلے میں مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے پر غور کیا گیا۔، اجلاس میں دونوں جماعتوں کے درمیان ہونے والی بات چیت میں کئی معاملے پر پیشرفت ہوئی۔


اس خبر پر اپنی راۓ کا اظہار کریں

RATE HERE


آپ کا نام


آپکا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا

آپکا ای میل ایڈریس


آپنا تبصرا لکھیں
Submit

Comments

اشتہار



مزید پڑھیں
tml> Tamashai News Tv