گھوٹکی (نیوزڈیسک) صوبہ سندھ کے علاقہ گھوٹکی میں رکن سندھ اسمبلی جام مہتاب حسین ڈہرکی گاڑی پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں جام مہتاب محفوظ رہے، تاہم ان کا ایک گارڈ جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق گھوٹکی میں ڈہرکی کے قریب کھینجو میں پیپلزپارٹی کے رکن سندھ اسمبلی جام مہتاب حسین کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی، واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری کو طلب کرلیا گیا، ڈی ایس پی اوباڑو عبدالقادر سومرو نے بتایا کہ کھینجو کے علاقے میں ایم پی اے جام مہتاب پر فائرنگ ہوئی، اوباڑو، ڈہرکی، کھینجو پولیس سمیت بھاری نفری کو طلب کرلیا گیا، فائرنگ کے نتیجے میں جام مہتاب محفوظ رہے، تاہم ان کا ایک گارڈ جاں بحق جب کہ تین افراد زخمی ہوگئے۔
بتایا گیا ہے کہ وزیر داخلہ سندھ ضیاءالحسن لنجار نے ایس ایس پی گھوٹکی سے تفصیلات طلب کرلی ہیں، انہوں نے کہا کہ فائرنگ میں ملوث عناصر کی جلد گرفتاری کو یقینی بنایا جائے، مکمل تفتیش، تحقیق اور چھان بین کی ذمہ داری ماہر اور تجربہ کار افسر کو تفویض کی جائے، ضلعی سطح پر پولیس ٹیمز کو متحرک کرنے سمیت ناکہ بندی اور خفیہ سراغ رسانی اقدامات کیئے جائیں اورواقعہ کی تفتیش اور پیش رفت سے آگاہ رکھا جائے۔
ادھر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے رکن صوبائی اسمبلی جام مہتاب ڈہر کے قافلے پر فائرنگ کی مذمت کی ہے، وزیراعظم آفس کے پریس ونگ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے میں گارڈ کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا اور ان کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا کی گئی۔
Comments