اسلام آباد (نیوزڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنماء اور ملک کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے بائیکاٹ پر ردعمل دے دیا۔ اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وطن اس وقت دہشت گردی کی آگ میں جل رہا ہے اور پی ٹی آئی اپنے مفادات کی سیاست کر رہی ہے، اس سے بڑھ کر وطن دشمنی کیا ہو سکتی ہے؟، تحریک انصاف نے آج اس بات کو ثابت کر دیا ہے کہ عمران خان اول اور آخر ان کی ترجیح ہے، وطن کی سلامتی اور امن پی ٹی آئی کے لیے کوئی اہمیت نہیں رکھتے، پی ٹی آئی بس اپنے مفادات کی سیاست کر رہی ہے اور اس سے بڑھ کر وطن دشمنی اور کچھ نہیں ہو سکتی۔
بتایا جارہا ہے کہ قومی سلامتی پارلیمانی کمیٹی کا ان کیمرہ اجلاس سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی صدارت میں ہو رہا ہے، تاہم پاکستان تحریک انصاف نے قومی سلامتی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت سے انکار کردیا، اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ہم نے اس اجلاس میں شریک نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے، یہ فیصلہ پی ٹی آئی نے گزشتہ روز اپنی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں کیا، جس کے تحت تحریک انصاف کا بطور جماعت کوئی نمائندہ اس اجلاس میں نہیں جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈا پور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ کی حیثیت سے اجلاس میں شریک ہوں گے، بطور جماعت ہم اس وقت کسی بھی آپریشن کے حق میں نہیں ہیں کیوں کہ 77 سالوں سے ہم بطور ملک ان حالات کا شکار ہیں اور مزید ان حالات کے حق میں نہیں ہیں، ہم نے اس ملک کو ٹھیک کرنا ہے اور فسطائیت کا خاتمہ کرنا ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ عمران خان کو پے رول پر رہا کیا جائے۔
Comments