Social

پنجاب حکومت کا کمسن بچوں کی ماؤں اور حاملہ خواتین کو 23 ہزار روپے دینے کا اعلان

لاہور (نیوزڈیسک) پنجاب حکومت نے کمسن بچوں کی ماؤں اور حاملہ خواتین کو 23 ہزار روپے دینے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ’آغوش پروگرام‘ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت 2 سال سے کم عمر بچوں کی ماؤں اور حاملہ خواتین کو 23 ہزار روپے ملیں گے، پہلے مرحلے میں صوبے کے 13 اضلاع میں آغوش پروگرام کے تحت نومولود بچوں کی ماؤں اور حاملہ خواتین کوامداد ی رقم ملے گی، آغوش پروگرام کا آغاز ڈیرہ غازی خان، تونسہ، راجن پور، لیہ، مظفر گڑھ اور کوٹ ادو سے ہوگا، اس کے علاوہ بہاولپور، رحیم یارخان، بہاولنگر، بھکر، میانوالی، خوشاب اور لودھراں بھی پہلے مرحلے میں آغوش پروگرام میں شامل ہیں۔
صوبائی حکومت کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ پروگرام کے تحت حاملہ خاتون کی پہلی دفعہ مراکز صحت یا مریم ہیلتھ کلینک میں رجسٹریشن پر 2 ہزارروپے دیئے جائیں گے، حاملہ خاتون کو بچے کی پیدائش تک متواتر طبی معائنے کے لیے وزٹ پر امدادی رقم دی جائے گی، مراکز صحت سے مفت طبی معائنے کے بعد آغوش پروگرام کے کیش ایجنٹ سے امدادی رقم حاصل کی جا سکے گی، حاملہ خواتین کو ہر بار مراکز صحت وزٹ کرنے پر 1500 روپے ملیں گے اور یوں ٹوٹل رقم 6 ہزار روپے دی جائے گی۔

پنجاب حکومت کے بیان سے معلوم ہوا ہے کہ آغوش پروگرام کے تحت مرکز صحت پر بچے کی پیدائش پر خاتون کو 4 ہزار روپے کا تحفہ ملے گا، پروگرام کے تحت پیدائش کے بعد 15 دن کے اندر پہلے طبی معائنے پر 2 ہزار روپے ملیں گے، پیدائشی سرٹیفکیٹ کا مرکز صحت میں اندارج کروانے پر 5 ہزار روپے دیئے جائیں گے، آغوش پروگرام کے تحت نومولود بچے کو حفاظتی ٹیکے لگوانے پر 4 ہزار روپے اور ہر بار 2 ہزارروپے دیئے جائیں گے، وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر خواتین کی رہنمائی اور معلومات کے لیے خصوصی ٹال فری نمبر بھی جاری کردیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا ہے کہ صحت اور علاج ہر ماں اور بچے کا بنیادی حق ہے، جس کی فراہمی کیلئے حکومت اپنا فرض ادا کرے گی، ہسپتالوں میں ماؤں اور بچوں کو بیماری کی حالت میں دیکھنا انتہائی تکلیف دہ ہے، سرکاری وسائل پر پسماندہ اور دوردراز علاقوں کے عوام کا پورا پورا حق ہے، ماں اور بچے کی صحت خصوصی توجہ کی متقاضی ہے کیوں کہ صحت مند ماں ہی صحت مند خاندان کی ضامن ہے، پسماندہ علاقوں میں طبی سہولیات کے ساتھ خواتین کی مالی معاونت بھی کررہے ہیں، آغوش پروگرام سے نا صرف ماں بلکہ بچہ بھی صحت مند زندگی کا آغاز کرے گا۔


اس خبر پر اپنی راۓ کا اظہار کریں

RATE HERE


آپ کا نام


آپکا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا

آپکا ای میل ایڈریس


آپنا تبصرا لکھیں
Submit

Comments

اشتہار



مزید پڑھیں
tml> Tamashai News Tv