اسلام آباد (نیوزڈیسک) میانمار اور تھائی لینڈ میں تباہ کن زلزلے کے بعد ملبے تلے دبے لوگوں کی تلاش جاری ہے۔ دونوں ممالک میں اقوام متحدہ کے امدادی ادارے متاثرین کی زندگی کو تحفظ دینے اور انہیں ضروری مدد پہنچانے میں مصروف ہیں۔
جمعے کو آنے والے 7.7 شدت کے زلزلے میں میانمار کا وسطی علاقہ بری طرح متاثر ہوا ہے جہاں اب تک 1,700 لوگوں کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ 3,400 زخمی ہیں۔
امدادی اداروں نے بتایا ہے کہ اموات کی تعداد متواتر بڑھ رہی ہے اور اس آفت نے ملک میں تقریباً دو کروڑ لوگوں کی زندگی کو مزید مشکل بنا دیا ہے جنہیں پہلے ہی انسانی امداد کی ضرورت تھی جبکہ ملک چار سال سے خانہ جنگی کا شکار ہے۔
زلزلے سے تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک میں بھی بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے جہاں ایک زیرتعمیر بلند عمارت گرنے سے اس میں کام کرنے والے 76 تعمیراتی کارکن تاحال لاپتہ ہیں۔
ملک میں زلزلے سے اب تک 17 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔
میانمار میں منڈلے اور دارالحکومت نے پی ڈا زلزلے سے متاثر ہونے والے بڑے شہر ہیں جہاں امدادی کارروائیاں جاری ہیں تاہم ہوائی اڈوں کو ہونے والے نقصان کے باعث لوگوں کو مدد پہنچانے میں مشکلات درپیش ہیں۔ امدادی امور کے لیے اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر (اوچا) نے بتایا ہے کہ زلزلہ متاثرین کو ہنگامی طور پر پناہ، طبی نگہداشت، پانی اور صحت و صفائی کی سہولیات درکار ہیں۔
Comments