اسلام آباد(نیوزڈیسک)حکومت نے بجلی کے بلوں میں پی ٹی وی فیس ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا،وزارت پاور ڈویژن نے فیس ختم کرنے کا پلان بنا لیا، وفاقی حکومت نے سہ ماہی بل ایڈجسٹمنٹ میں پی ٹی وی فیس ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ملک بھر میں 4 کروڑ 26 لاکھ بجلی صارفین سے صرف ٹی وی لائسنس فیس کی مد میں تقریبا ڈیڑھ ارب روپے وصول کئے جاتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر بجلی بلوں میں ٹی وی لائسنس فیس اور دیگرغیر ضروری سر چارجز ختم کرنے کا پلان تیار کیا گیا ہے۔ اگلے ہفتے وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں سفارشات پیش کی جائیں گی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے بجلی کی قیمتوں میں ریلیف کا اعلان گزشتہ روزکیا تھا جس کے بعد پی ٹی وی فیس ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
دوسری جانب ملک میں بجلی کی قیمت میں مزید کمی کیلئے حکومت کی درخواست پر نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں باقاعدہ سماعت کا آغاز ہو گیا۔
چیئرمین نیپرا وسیم مختار کی سربراہی میں ہونے والی سماعت میں بجلی ایک روپے 71 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی درخواست پر سماعت کی گئی۔نیپرا کی سماعت میں حکومت کی درخواست پر فریقین کا مو¿قف سنے جانے کے بعد بجلی کی قیمت میں 1.71 روپے فی یونٹ کی کمی سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔پاور ڈویژن کے حکام کے مطابق حکومت نے یہ درخواست کابینہ سے منظوری کے بعد نیپرا میں جمع کرائی ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ کے الیکٹرک سمیت بجلی تقسیم کار تمام کمپنیوں پر اس کمی کا یکساں اطلاق کیا جائے۔
پاور ڈویژن حکام کایہ بھی کہناتھا کہ یہ کمی صرف عام صارفین کیلئے ہوگی اور لائف لائن یعنی کم ترین بجلی استعمال کرنے والے کم آمدنی والے صارفین کو اس کا کوئی فائدہ نہیں پہنچے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ روزوزیراعظم شہباز شریف نے قوم کو عید کاتحفہ دیتے ہوئے بجلی کی قیمتوں میں فی یونٹ7روپے سے زائد کمی کا اعلان کیا تھا۔ وزیر اعظم نے گھریلو صارفین کیلئے 7 روپے 41 پیسے اور صنعتی صارفین کیلئے بجلی 7 روپے 59 پیسے سستی کردی تھی جس کااطلاق ملک بھر کے تمام صارفین کیلئے کیا گیا تھا۔
بجلی کے نرخوں میں کمی لانے کیلئے اسلام آباد میں تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر توانائی اویس لغاری،وزیر خزانہ محمد اورنگزیب ،وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ،وفاقی وزیر علی پرویز ملک ،وزیراطلاعات عطا تارڑ ،وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ،رانا تنویر حسین، حنیف عباسی، شزا فاطمہ، مصطفیٰ کمال سمیت رہنما مسلم لیگ (ن) خواجہ سعد رفیق، بزنس کمیونٹی اور پارلیمنٹ کے ممبرا ن بھی تقریب میں شریک ہوئے تھے۔
Comments